لندن؍ نئی دہلی ۔14 مئی (سیاست ڈاٹ کام)شراب کے بڑے تاجر اور عدالتی کشاکش میں گھرے وجئے مالیا کو آج زبردست قانونی جھٹکہ لگا جب وہ برطانوی سپریم کورٹ میں ہندوستان کو اپنی حوالگی سے متعلق اپیل کا کیس ہار گئے۔ اب ان کو 28 روزہ مدت میں برطانیہ سے نکالا جائے گا۔ 67 سالہ شوخ بزنسمین نے گزشتہ ماہ ہائیکورٹ میں اسی طرح کی اپیل میں ناکامی کے بعد سپریم کورٹ سے رجوع ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔ مالیا نے جمعرات کی صبح ٹوئٹر کے ذریعہ حکومت ہند سے اپنی اپیل کا اعادہ کیا کہ انڈین پبلک سیکٹر یونٹ بینکوں کو واجب الادا رقم وہ واپس کردیں گے اور ان کا کیس بند کردیا جائے۔ مالیا ایسی اپیلیں پہلے بھی کرچکے ہیں جس پر حکومت نے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ بینکوں کیساتھ 9000 کروڑ روپئے کی دھوکہ دہی اور منی لانڈرنگ کے معاملے میں مطلوب مالیا نے ایک بار پھر حکومت سے التجا کی ہے کہ وہ اس قرض کو واپس کرنے کی پیش کش کو قبول کرے اور قانونی چارہ جوئی ختم کردے۔ مالیا نے کورونا وائرس کے چیلنج سے ملک کی معیشت کو ابھارنے کیلئے نریندر مودی حکومت کے 20 لاکھ کروڑ کے پیکیج پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ٹویٹ کرکے ایک بارپھر حکومت سے اس پر بقایا قرض کی 100 فیصد ادائیگی کی پیش کش کو قبول کرنے اور اس کے خلاف سبھی معاملے ختم کرنے کی اپیل کی ۔