نئی دہلی ؍ لندن ۔ 2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پریشانیوں میں گھرے شراب کے بڑے تاجر وجئے مالیا کو راحت والی تبدیلی میں یوکے ہائیکورٹ نے آج انہیں اپنی حوالگی والے حکمنامہ کے خلاف اپیل کرنے کی اجازت دے دی۔ اس حکمنامہ پر یوکے ہوم سکریٹری ساجد جاوید نے دستخط کئے ہیں۔ اگر انہیں ہندوستان کے حوالہ کیا جاتا ہے تو ان کو 9 ہزار کروڑ روپئے مالیت کے فراڈ اور منی لانڈرنگ الزامات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ جسٹس جارج لیگاٹ اور اینڈریو پاپل ویل پر مشتمل رائیل کورٹ آف جسٹس کی دورکنی بنچ نے دلائل کی سماعت کے بعد نتیجہ کا اعلان کیا۔ بنچ نے کہا کہ ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کی کورٹ کی چیف مجسٹریٹ جج ایما آر بتھناٹ کی رولنگ کے بعض نکات پر دلائل واجبی طور پر پیش کئے جاسکتے ہیں۔ ہائیکورٹ کے ججوں نے رولنگ دی کہ 63 سالہ سابق سربراہ کنگ فشر ایرلائنس کو اپیل کی محدود اجازت دی گئی۔ ججوں نے اپیل کا مسودہ پیش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سماعت کیلئے وقت طئے کیا جائے۔ سماعت سے قبل وجئے مالیا نے عدالت کے باہر میڈیا والوں کو بتایا کہ وہ مثبت نتیجہ کی امید رکھتے ہیں۔ لندن میں انڈین ہائی کمیشن کے نمائندے بھی عدالتی کارروائی کا مشاہدہ کرنے کیلئے عدالت میں موجود رہے۔