حیدرآباد ۔ 27 ۔ جنوری (سیاست نیوز)نامپلی حلقہ کے حدود میں واقع وجئے نگر کالونی میں پیش آئے آتشزدگی کے واقعہ میں تقریباً چار گا ڑیاں تباہ اور میکانک شاپ جل کر خاکستر ہوگئی۔ رات دیر گئے پیش آئے واقعہ سے علاقہ میں خوف و سنسنی پھیل گئی ۔ رات دیر گئے اچانک فائر انجن گا ڑیوں کے سائرن کی آوازیں اور علاقہ میں دھواں سے مقامی عوام خوفزدہ ہوگئے ۔ نامپلی فرنیچر شوروم کا خوفناک سانحہ ابھی تازہ ہی تھا کہ اس واقعہ نے شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس پیدا کردیا ۔ارباب مجاز کو بروقت چوکسی‘ فائر انجن گاڑیوں اور پولیس کی آمد سے حالات پر قابو پالیا گیا ۔ فائر ڈپارٹمنٹ کے عملہ نے آگ کو پھیلنے سے روکا اور متاثرہ دوکان تک محدود رکھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ چار فائر انجن گاڑیوں نے اس کارروائی میں حصہ لیا۔ ذرائع کے مطابق ایک میکانک کی دوکان میں حادثہ پیش آیا۔ پولیس آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ چلانے میں مصروف ہے۔ع