وجئے نگر کالونی ڈیویژن کو ترقی یافتہ علاقہ بنانے کا عہد

   

کانگریس امیدوار عنایہ فاطمہ کے حق میں فیروز خاں کی انتخابی مہم، رائے دہندوں سے ملاقات
حیدرآباد۔حلقہ اسمبلی نامپلی کے وجئے نگر کالونی ڈیویژن میں کانگریس پارٹی کو عوام کی غیر معمولی تائید حاصل ہورہی ہے۔ عوامی خدمت کے جذبہ کے تحت پہلی مرتبہ سیاسی میدان میں قدم رکھنے والی عنایہ فاطمہ نے رائے دہندوں کو یقین دلایا ہے کہ وہ منتخب ہونے کے بعد علاقہ میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو اولین ترجیح دیں گی۔ صحت و صفائی، تعلیم اور برقی و آبرسانی کے دیرینہ مسائل کی یکسوئی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ سینئر قائد اور نامپلی انچارج محمد فیروز خاں اور نائب صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی محمد راشد خاں نے ڈیویژن کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ انہوں نے گروپ میٹنگس میں نوجوانوں سے خطاب کیا اور کہا کہ حلقہ اسمبلی نامپلی ترقی کے معاملہ میں دیگر علاقوں سے کافی پسماندہ ہوچکا ہے۔ فیروز خاں نے کہا کہ وہ اسمبلی اور لوک سبھا کیلئے مقابلہ کے دوران حلقہ کے مسائل سے اچھی طرح واقف ہوچکے ہیں۔ اقتدار نہ ہونے کے باوجود انہوں نے سیلاب کے متاثرین کو حکومت کی جانب سے امداد کی تقسیم میں اہم رول ادا کیا تھا۔ سلم علاقوں اور غریب بستیوں میں فیروز خاں نے پانی کی قلت کے دوران ٹینکرس کے ذریعہ مفت پانی سربراہ کیا تھا۔ فیروز خاں حلقہ اسمبلی نامپلی میں اسکولوں کا جال پھیلانا چاہتے ہیں تاکہ ہر غریب گھر میں معیاری تعلیم کا انتظام ہو۔ محمد راشد خاں نے کہا کہ عوام ٹی آر ایس، بی جے پی اور مجلس کے ایجنڈہ سے مایوس ہوچکے ہیں۔ ان جماعتوں کے پاس وعدوں اور بلند بانگ دعوؤں کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔ کانگریس پارٹی نے شہر کی ترقی کیلئے کام کیا تھا اور بلدیہ میں اقتدار ملنے پر دوبارہ شہر کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ سیلاب کے سینکڑوں متاثرین آج بھی حکومت کی امداد سے محروم ہیں۔ وجئے نگر کالونی کے علاوہ مہدی پٹنم، ریڈ ہلز اور احمد نگر بلدی ڈیویژنس میں فیروز خاں نے انتخابی مہم میں حصہ لیا اور رائے دہندوں سے ملاقات کی۔