وجئے واڑہ 3 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک ہولناک واقعہ میں ایک ہی خاندان کے تین افراد نے وجئے واڑہ ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک ٹرین کے آگے چھلانگ لگاکر خود کشی کرلی ۔ مہلوکین کی 40 سالہ پی گوپال کرشنن ‘ 38 سالہ وی جئینتی اور اس کی دختر سری لکشمی کی حیثیت سے شناخت ہوئی ہے ۔گورنمنٹ ریلوے پولیس کے بموجب انہیں مقامی عوام نے شام 5.30 بجے کے قریب اطلاع دی کہ ریلوے پٹریوں کے بازو تین نعشیں پڑی ہوئی ہیں۔ وہاں پہونچنے پر انہیں پتہ چلا کہ ان کا تعلق چتور ضلع سے ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جئینتی کی بڑی بیٹی 6 سالہ مہالکشمی بھی ٹاملناڈو کے ویلنکانی علاقہ کے قریب مردہ پائی گئی ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جئینتی کا تعلق چتور ضلع میں گوڈی پالا گاوں سے ہے اور اس کی شادی ٹاملناڈو کے ضلع ویلور کے ساکن ٹیکسی ڈرائیور دھنا شیکھر سے ہوئی تھی ۔ پولیس کے بموجب ہر چیز پر اسرار ہے ۔ چینائی پولیس نے دھناشیکھرن کو پوچھ تاچھ کیلئے حراست میں لے لیا ہے ۔