جاریہ سال آندھراپردیش کے عازمین حج وجئے واڑہ سے روانہ ہوں گے، 10 اکٹوبر سے حج درخواستوں کی آن لائین وصولی
حیدرآباد۔ 4 اکٹوبر (سیاست نیوز) حج 2020ء کے لیے آندھراپردیش حکومت کو ایک اہم کامیابی ملی جب مرکزی حکومت نے وجئے واڑہ میں امبارگیشن پوائنٹ کی منظوری دے دی ہے۔ اس طرح آندھراپردیش کے عازمین حج اب حیدرآباد کے بجائے وجئے واڑہ سے سعودی عرب کے لیے روانہ ہوں گے۔ ملک میں 21 امبارگیشن پوائنٹ ہیں جن میں وجئے واڑہ کا اضافہ کرتے ہوئے 22 کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر امجد باشاہ نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران اس سلسلہ میں مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی اور حج کمیٹی آف انڈیا کے عہدیداروں سے بات چیت کی تھی۔ نئی دہلی میں آج مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے حج 2020ء منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے وجئے واڑہ امبارگیشن پوائنٹ کی خوش خبری سنائی۔ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد سے آندھراپردیش کے عازمین حج حیدرآباد سے روانہ ہورہے تھے کیوں کہ وجئے واڑہ میں انٹرنیشنل فلائٹ کے لیے رن وے ناکافی تھا۔ جاریہ سال ایرپورٹ کی توسیع کے بعد مرکزی حکومت سے کامیاب نمائندگی کی گئی۔ گزشتہ سال آندھراپردیش کو 2600 عازمین حج کا کوٹہ الاٹ کیا گیا تھا لیکن صرف 2100 درخواستیں موصول ہوئیں اور تمام درخواستوں کو قرعہ اندازی کے بغیر منظوری دے دی گئی تھی۔ وجئے واڑہ میں امبارگیشن پوائنٹ کے اعلان سے تلنگانہ حج کمیٹی کے بوجھ میں زبردست کمی آئے گی اور انہیں تلنگانہ کے علاوہ کرناٹک کے چند اضلاع کے عازمین کی روانگی کا انتظام کرنا پڑے گا۔ 26 ستمبر کو نئی دہلی میں منعقدہ حج کمیٹی آف انڈیا کی کانفرنس میں آندھراپردیش کے ایگزیکٹیو آفیسر حج کمیٹی ایل عبدالقادر نے وجئے واڑہ میں امبارگیشن پوائنٹ کا مسئلہ اٹھایا اور اس سلسلہ میں حکومت کے مکتوب حج کمیٹی آف انڈیا کے حوالے کیئے۔ آج مرکزی وزیر مختار عباس نقوی، سفیر ہند برائے سعودی عرب ڈاکٹر اوصاف سعید، قونصل جنرل حج نورالرحمن شیخ اور حج کمیٹی آف انڈیا کے عہدیداروں نے اجلاس میں وجئے واڑہ کے امبارگیشن پوائنٹ کو منظوری دی ہے۔ گزشتہ چھ برسوں سے تلنگانہ حکومت کی جانب سے آندھراپردیش کے عازمین حج کے انتظامات کیے جارہے تھے۔ اسی دوران مختار عباس نقوی نے اعلان کیا کہ حج 2020ء کے لیے درخواستوں کی وصولی کا آغاز 10 اکٹوبر سے ہوگا اور درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 10 نومبر مقرر کی گئی ہے۔ ڈسمبر کے وسط میں قرعہ اندازی کے ذریعہ عازمین حج کا انتخاب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حج 2020ء صد فیصد ڈیجیٹل رہے گا۔ تمام عازمین حج کو ای ویزا کی فراہمی کے لیے خصوصی سسٹم ڈیولپ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ عازمین حج موبائل اپلیکیشن سے درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حج 2019ء میں دو لاکھ ہندوستانی حجاج کرام نے کسی سبسیڈی کے بغیر فریضہ حج کی تکمیل کی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں مختار عباس نقوی نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عازمین حج کو روانگی میں کوئی دشواری نہیں ہوگی۔