وجئے واڑہ میں ٹائر پھٹنے سے خانگی بس اچانک شعلہ پوش

   

امراوتی ۔ آندھرا پردیش میں کرشنا ضلع کے وجئے واڑہ زون میں پرسادم پاڈو کے مقام پر قومی شاہراہ پر ایک خانگی ٹراویلس کی بس شعلہ پوش ہوگئی ۔ تفصیلات کے بموجب وشاکھاپٹنم سے وجئے واڑہ آنے والی یہ بس جیسے ہی پرسادم پاڈو کے ایس وی آر سنٹر پہونچی بس کا ٹائر پھٹ گیا اور بس کے انجن میں آگ بھڑک اٹھی ۔ اس واقعہ پر سراسیمہ بس میں سوار 35 مسافرین نے کھڑکیوں سے باہر چھلانگ لگادی ۔ اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ عملہ فوری وہاں پوہنچا اور آگ پر قابو پالیا گیا جس سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا ۔ تاہم جن مسافرین نے کھڑکی سے باہر چھلانگ لگادی تھی ان کو معمولی زخم آئے ۔ ایسا لگتا ہے کہ ٹائر پھٹنے کے وقت بس چونکہ تیز رفتار تھی اسی وجہ سے انجن میں آگ لگ گئی ۔ تمام مسافرین اس حادثہ میں محفوظ رہے ہیں اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے ۔