وجئے واڑہ کی 60 مساجد کے لیے چار لاکھ روپئے کی جائے نمازوں کا انتظام

   

اے پی کے وزیر این فاروق کی اپیل پر جناب زاہد علی خاں کا بروقت اقدام، جناب افتخار حسین اور جناب احمد نواز خاں نے بھی تعاون کیا
حیدرآباد ۔19۔ ستمبر (سیاست نیوز) وجئے واڑہ میں حالیہ بارش اور سیلاب کے نتیجہ میں تقریباً 60 مساجد میں جائے نمازوں اور دیگر سامان کو نقصان پہنچا۔ آندھراپردیش کے وزیر اقلیتی بہبود این محمد فاروق نے ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں سے ربط قائم کرتے ہوئے مساجد میں جائے نمازوں کے انتظام کی خواہش کی۔ انہوں نے بتایا کہ وجئے واڑ ہ شہر میں پہلی مرتبہ بارش اور سیلاب کی کی صورتحال دیکھی گئی اور 60 سے زائد مساجد میں پانی داخل ہوگیا۔ انہوں نے مساجد کے لئے جائے نمازوں کے انتظام کی اپیل کی۔ جناب زاہد علی خاں نے سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین اور جناب احمد نواز خاں کے اشتراک سے چار لاکھ روپئے کی جائے نمازیں وجئے واڑہ روانہ کی۔ این محمد فاروق نے جناب زاہد علی خاں کو اطلاع دی ہے کہ مساجد میں نئی جائے نمازوں کو بچھانے کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ مقامی مسلمانوں نے جائے نمازوں کے بروقت انتظام پر جناب زاہد علی خاں اور ان کے رفقاء سے اظہار تشکر کیا۔ وزیر اقلیتی بہبود این محمد فاروق نے کہا کہ روزنامہ سیاست نے مسلمانوں کی ہر مشکل گھڑی میں مدد کی ہے۔ متحدہ آندھراپردیش کے علاوہ گجرات ، ممبئی اور دیگر ریاستوں میں سیاست کی جانب سے ریلیف کا کام انجام دیا گیا۔ انہوں نے جناب زاہد علی خاں سے فون پر بات چیت کی اور مساجد کے لئے جائے نمازوں کے بروقت انتظام پر اظہار تشکر کیا۔ واضح رہے کہ حالیہ بارش اور سیلاب کے نتیجہ میں آندھراپردیش میں بھاری نقصانات ہوئے ہیں۔ چندرا بابو نائیڈو حکومت متاثرین کی امداد اور بازآبادکاری کے اقدامات کر رہی ہے۔ مساجد میں پانی داخل ہونے سے جائے نمازوں اور دیگر سامان کو نقصان پہنچا۔ این محمد فاروق نے جائے نمازوں کے انتظام کیلئے جناب زاہد علی خاں سے ربط قائم کیا جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے 4 لاکھ روپئے کی جائے نمازیں وجئے واڑہ روانہ کی گئیں۔ مساجد کمیٹیوں نے بھی جناب زاہد علی خاں کے ملی جذبہ کی ستائش کرتے ہوئے ان کے حق میں دعا کی۔ 1