وجئے ڈیری کلکشن سنٹر چیتاپور پر ہنگامہ آرائی

   

بھینسوں کی خریدی کے لیے سبسیڈی کی عدم فراہمی پر کسانوں کی برہمی
ایڑپلی ۔ 12 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز): موضع چیتا پور پر موجود وجئے ڈیری ملک کلکشن سنٹر پر دودھ جمع کرنے والوں نے ہنگامہ کیا اور کلکشن مرکز پر جمع دودھ کو زمین پر بہا کر اپنی برہمی کا اظہار کیا ۔ تفصیلات کے مطابق ریاستی حکومت نے دودھ کا کاروبار کرنے والے 57 کسانوں کو بھینسوں کی خریدی کے لیے پچاس فیصد رقم یعنی 40 ہزار روپئے بہ طور سبسیڈی فراہم کرنے کا وعدہ کیا ۔ لیکن چھ ماہ گزرنے کے باوجود بھی منتخب کسانوں کو سبسیڈی کی رقم نہ ملنے پر کسان ملک کلکشن سنٹر پر احتجاج کیا ۔ منیجر وجئے ڈیری ڈی نائک نے فوری پہونچ کر کسانوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں واقف کروایا کہ سبسیڈی کی رقم کی فراہمی کا اختیار حکومت کو ہے ان کا ادارہ صرف دودھ کا خریدار ہے ۔ کسانوں کی برہمی کو دیکھ کر ڈیری منیجر نے متعلقہ محکمہ مویشیات کے عہدیدار سے فون پر ربط کرتے ہوئے چیتا پور ملک سنٹر پر ہورہی گڑبڑ سے واقف کروایا اور منیجر نے ان کے مرکز پر ہوئے نقصانات کی پولیس میں شکایت درج کروائی بعد ازاں مقامی طور پر دودھ فراہم کرنے والے کسانوں کی سوسائٹی نے منیجر وجئے ڈیری سے بات چیت کرنے کے بعد ملک سنٹر پر ہوئے نقصانات کی بھرپائی کا منیجر کو یقین دینے کے بعد منیجر وجئے ڈیری نے کسانوں کے خلاف پولیس میں درج کروائی گئی شکایت سے دستبردار ہوگئے ۔۔