آروگیہ لکشمی یوجناپر عمل آوری کا جائزہ اجلاس، وزیرسیتااکا کا خطاب
حیدرآباد۔30۔نومبر(سیاست نیوز) ریاست میں آروگیہ لکشمی یوجنا پر عمل آوری کا آج ریاستی وزیر محترمہ انوسویا سیتا اکا نے جائزہ لیتے ہوئے عہدیداروں سے مختلف امور کے متعلق دریافت کیا اور اس اجلا س کے دوران انہوں نے آنگن واڑی مراکز کے ذریعہ دودھ کی سربراہی کے اقدامات کے متعلق واقفیت حاصل کرتے ہوئے ہدایت دی کہ اس اسکیم کے تحت حاملہ خواتین کو مفت دودھ کی فراہمی کے نشانہ کو 100 فیصد مکمل کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔ محترمہ سیتا اکا نے اجلاس کے دوران وجئے ڈیری کی جانب سے آنگن واڑی کو دودھ کی سربراہی میں کوتا ہی پر سخت کاروائی کا انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت ڈیری کو 3ماہ کی مہلت فراہم کر رہی ہے اور وجئے ڈیری انتظامیہ کو 100 فیصد نشانہ کی تکمیل اور تلنگانہ کے دیہی علاقوں میں موجود آنگن واڑی مراکز تک دودھ کی سربراہی کو یقینی بنانے کی تاکید کی ۔ ریاستی وزیر نے سیکریٹریٹ میں منعقدہ کے اجلاس کے دوران دودھ کی سربراہی کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے متعلق استفسار کیا جس پر عہدیداروں نے انہیں بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے وجئے ڈیری کو گذشتہ ڈسمبر سے اب تک 1 کروڑ 67 لاکھ لیٹر دودھ کی سربراہی کا آرڈر دیا گیا ہے جبکہ ڈیری کی جانب سے 1کروڑ 56 لاکھ لیٹر دودھ کی سربراہی عمل میں لائی گئی ہے۔ محترمہ سیتا اکا نے اس کمی کی وجہ دریافت کی اور کہا کہ ان خامیوں کو دور کرتے ہوئے 100 فیصد نشانہ کو حاصل کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔ انہو ںنے بتایا کہ حاملہ خواتین اور بچوں کو دودھ پلانے والی خواتین کو آنگن واڑی مراکز کے ذریعہ یومیہ 200 ملی لیٹر دودھ کی سربراہی عمل میں لائی جار ہی ہے تاکہ خواتین کی صحت کو بہتر بنایا جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے جاری اسکیم پر مؤثر عمل آوری کی جانی چاہئے ۔ اس جائزہ اجلاس کے دوران محترمہ انیتا رامچندرن کے علاوہ محترمہ کانتی ویزلی کے علاوہ دیگر عہدیدار اجلاس میں شریک تھے ۔عہدیداروں نے محترمہ انوسویا سیتا اکا کو بتایا کہ آنگن واڑی مراکز کی خدمات کو بہتر بنانے کے لئے متعدد اقدامات کئے جار ہے ہیں جس کے نتیجہ میں خواتین کی بڑی تعداد ان مراکز سے رجو ع ہونے لگی ہیں۔ محترمہ سیتا اکا نے حکومت کی اسکیمات کے متعلق آنگن واڑی مراکز سے رجوع ہونے والی خواتین کو واقف کروانے اور ان میں ان اسکیمات سے استفادہ کے لئے شعور اجاگر کرنے کا مشورہ دیا ۔3
دفتر سیاست میں آج نیٹ کا ماڈل ٹسٹ
حیدرآباد ۔ 30 نومبر (راست) نیٹ 2025ء میڈیکل انٹرنس میں شرکت کرنے والے امیدواروں کیلئے اتوار کو ماڈل ٹسٹ سیریز کے تحت دفتر سیاست کے محبوب حسین جگر ہال عابڈس پر تمثیلی امتحانات جاری ہیں۔ اتوار یکم ؍ ڈسمبر کو 11 بجے فزکس لکچر بعدازاں ماڈل ٹسٹ ہوگا۔