نئی دہلی، 17جنوری (یو این آئی)ہندوستانی باکسنگ کے اسٹار وجیندر سنگھ کو ایشین باکسنگ کونسل کا رکن مقرر کیا گیا ہے ۔ یہ تقرری ایک ممتاز اتھلیٹ سے عالمی کھیل انتظامیہ تک کے ان کے سفر میں ایک اور اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے ۔وجیندر، جو باکسنگ میں ہندوستان کے پہلے اولمپک تمغہ یافتہ کھلاڑی ہیں، اس کھیل کی اعلیٰ ترین سطح پر تقریباً دو دہائیوں پر محیط وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے یہ تجربہ ابتدائی اور پیشہ ورانہ، دونوں لیول کی باکسنگ میں حاصل کیا۔ ایشیائی باکسنگ کونسل میں ان کی تقرری اس کھیل پر ان کی گہری سمجھ اور پورے براعظم میں باکسنگ کے فروغ کیلئے ان کے مسلسل عزم کی عکاس ہے۔ اس پیش رفت پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے وجیندر سنگھ نے کہا کہ ایشین باکسنگ کونسل کا رکن مقرر ہونا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ میں باکسنگ فیڈریشن آف انڈیا اور اس کی قیادت کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھ پر یہ ذمہ داری سونپی۔