کئی سیاسی قائدین کے نام شامل ، ارکان خاندان کو قتل کی سازش کا شبہ
حیدرآباد ۔ 5 ۔ نومبر (سیاست نیوز) عبداللہ پور میٹ کی خاتون تحصیلدار وجیہ ریڈی کے قتل کے معاملہ میں ایک آڈیو منظر عام پر آنے کے بعد تحقیقات نے نیا رخ اختیار کرلیا ہے ۔ وجیہ ریڈی کے ارکان خاندان نے قتل کے بارے میں پہلے ہی مختلف شبہات کا اظہار کرتے ہوئے در پردہ سازش کا اندیشہ ظاہر کیا تھا ۔ اسی دوران وجیہ ریڈی کی آواز میں ایک آڈیو سوشیل میڈیا میں ہلچل پیدا کرچکا ہے۔ اس آڈیو میں وجیہ ریڈی نے بعض سیاسی قائدین کے نام لئے ہیں۔ ایک متنازعہ اراضی کے معاملہ میں ایک ریاستی وزیر اور رنگا ریڈی اور میڑچل اضلاع سے تعلق رکھنے والے سیاسی قائدین کے نام بھی آڈیو میں بتائے گئے ہیں۔ آڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد قتل کے پس پردہ سیاسی قائدین کے ملوث ہونے کے الزامات شدت اختیار کرچکے ہیں۔ اسی دوران ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی منچی ریڈی کشن ریڈی نے آڈیو پر ردعمل کا اظہار کیا ۔ وجیہ ریڈی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد منچی ریڈی کشن ریڈی نے معاملہ کی عدالتی تحقیقات اور خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی مانگ کی ۔ انہوں نے قتل میں ملوث شخص سریش سے لاعلمی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ اس شخص کو نہیں جانتے ۔ کشن ریڈی نے کہا کہ مختلف مسائل کے سلسلہ میں کئی لوگ ان سے رجوع ہوتے ہیں اور وہ ہر شخص کو شخصی طور پر نہیں جان سکتے ۔