چنئی: تمل سوپراسٹار سے سیاستدان بنے وجے نے اپنی پارٹی تملگا ویتری کذگم (ٹی وی کے) کے عہدیداروں کے تقررات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت دی ہے تاکہ پارٹی کا گراس روٹ نیٹ ورک مستحکم کیا جا سکے۔ ٹی وی کے کے ایک سینئر لیڈر کے مطابق، 95 پارٹی اضلاع میں ضلعی سکریٹریزکو فروری 2025 کے آخر تک تمام سطحوں کے عہدیداروں کی فہرست جمع کروانے کی ہدایت دی گئی ہے، جس میں قصبہ، یونین، بلاک اور وارڈ سطح کے لیڈرز شامل ہوں گے۔ پارٹی قیادت نے ہدایت دی ہے کہ تمام تفصیلات ٹی وی کے کی سرکاری ویب سائٹ پراپ لوڈ کی جائیں تاکہ شفافیت اور نگرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔ وجے نے 2024 میں اپنی پاٹری ٹی وی کے کی بنیاد رکھی لیکن پارٹی نے لوک سبھا انتخابات میں حصہ نہ لینے اور2026 کے تمل ناڈو اسمبلی انتخابات پر توجہ دینے کا فیصلہ کیا۔ اکتوبر 2024 میں انہوں نے وکّراونڈی، ولاپورم میں ایک عظیم الشان عوامی جلسہ منعقدکیا، جس میں 3 لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی۔ وجے کے سیاست میں داخلے کو انجہانی ایم جی آرکے بعد تمل سیاست میں سب سے بڑا داخلہ قرار دیا جا رہا ہے۔