وحید پرہ کو تفتیش کے دوران اُلٹا لٹکایا گیا

   

اقوام متحدہ کے حقوق انسانی گروپ کی رپورٹ
سرینگر: اقوام متحدہ کے ایک حقوق انسانی گروپ نے مرکزی حکومت سے پی ڈی پی کے محبوس یوتھ صدر وحید الرحمان پرہ سمیت تین کشمیریوں کے خلاف مبینہ انسانی حقوق پامالیوں کے متعلق تفصیلات طلب کی ہیں۔انسانی حقوق کے تحفظ کی نگرانی کے لئے مامور مذکور خصوصی گروپ نے مرکز یا بھارتی حکومت سے پی ڈی پی یوتھ لیڈر وحید پرہ کی مسلسل نظر بندی،عرفان احمد ڈار نامی دکاندار کے مبینہ حراستی قتل اور نصیر احمد وانی نامی کم سن لڑکے کے لاپتہ ہونے کے بارے میں تفصیلات فراہم کرنے کو کہا ہے ۔اقوام متحدہ کے پانچ ماہرین پر مشتمل اس گروپ نے اپنی ایک رپورٹ کو حال ہی میں انسانی حقوق کے ہائی کشمنر کی دفتر کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وحید پرہ کو تفتیش کے دوران ننید سے محروم رکھنے کے علاوہ الٹا لٹکایا گیا ہے اور ننگا بھی رکھا گیا ہے ۔واضح رہے کہ پی ڈی پی یوتھ لیڈر وحید پرہ کو 25 نومبر 2020کو قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے ) نے گرفتار کیا تھا۔