ممبئی: مہاراشٹرا کے ضلع عثمان آباد کے آر جی شنڈے کالج، پرندا میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک 20 سالہ طالبہ ورشا کھرت وداعی تقریب کے دوران اسٹیج پر تقریر کرتے ہوئے اچانک گر پڑیں اور جان کی بازی ہار گئیں۔ورشا کھرت تقریب کے دوران خوشگوار موڈ میں، مسکرا کر حاضرین سے خطاب کر رہی تھیں۔ ویڈیو کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ اپنی بات چیت کے دوران اچانک پیچھے کی جانب لڑکھڑائیں اور زمین پر گر گئیں۔ یہ لمحہ حاضرین کے لیے شدید صدمہ کا باعث بن گیا۔واقعے کے فوراً بعد کالج انتظامیہ نے ورشا کو قریبی سرکاری ہاسپٹل منتقل کیا، تاہم ڈاکٹروں نے معائنہ کے بعد انہیں مردہ قرار دیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ورشا کا آٹھ سال کی عمر میں دل کا آپریشن ہوا تھا، لیکن گزشتہ بارہ سالوں سے وہ مکمل صحتمند تھیں اور کسی بھی دوا کا استعمال نہیں کر رہی تھیں۔ماہرین کا ماننا ہے کہ غالباً انہیں تقریر کے دوران دل کا دورہ پڑا جس کے سبب دماغی نظام نے کام کرنا بند کردیا، جسے طبی اصطلاح میں ’’برین ڈیتھ‘‘ کہا جاتا ہے۔کالج انتظامیہ نے طالبہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور ان کی یاد میں ایک دن کی تعطیل کا اعلان کیا۔ورشا کھرت کی موت کا لمحہ کیمرے میں قید ہوگیا اور سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔ صارفین کی جانب سے افسوس، دعائیں اور ورشا کے اہل خانہ سے ہمدردی کے پیغامات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔اس افسوسناک واقعے نے نہ صرف کالج بلکہ پورے علاقے کو سوگوار کر دیا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ صحتمند نوجوانوں میں دل کے اچانک دورے جیسے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں، جس پر توجہ دینا ضروری ہے۔