ودربھا کی رنجی ٹرافی میں بادشاہت برقرار

   

ناگپور، 7 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) لیفٹ آرم اسپنر آدتیہ سروٹے (59 رن پر 6 وکٹ) کی شاندار کارکردگی سے گزشتہ چمپئن ودربھ نے سوراشٹر کو پانچویں اور آخری دن جمعرات کو 78 رنز سے ہراکر رنجی ٹرافی میں اپنی بادشاہت برقرار رکھی۔ودربھ نے سوراشٹر کے سامنے جیت کے لئے 206 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن سوراشٹر کل اپنے پانچ وکٹ صرف 58 رن پر کھو دیئے تھے ۔ سوراشٹر کو حتمی 148 رنز کی ضرورت تھی لیکن اس کی ٹیم 58.4 اوور میں محض 127 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ودربھ نے گزشتہ سال دہلی کو شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا تھا اور اس بار اس نے سوراشٹر کو زیر کر دیا اس شکست سے سوراشٹر کو پہلی بار رنجی چمپئن بننے کا خواب ٹوٹ گیاسوراشٹر کی ٹیم 2015-16 کے فائنل میں ممبئی سے ہاری تھی۔پہلی اننگز میں پانچ وکٹ لینے والے سروٹے نے اس کارکردگی کو دوسری اننگز میں بھی برقرار رکھتے ہوئے 24 اوور میں 59 رن پر چھ وکٹ حاصل کئے اور میچ میں 11 وکٹ پورے کئے ۔ آف اسپنر اکشے وکھارے نے 37 رن پر تین وکٹ اور فاسٹ بولر امیش یادو نے 31 رن پر ایک وکٹ لیا۔ سروٹے کو میچ میں ان کی شاندار بولنگ کے لئے پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔سوراشٹر نے پانچ وکٹ پر 58 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ وشوراج جڈیجہ نے 23 اور کملیش مکوانا نے دو رنز سے اننگز کو آگے بڑھایا۔ دونوں بلے باز اسکور کو 88 رنز تک لے گئے لیکن سروٹے نے مکوانا کو بولڈ کر اس شراکت کو توڑ دیا۔ مکوانا نے 45 گیندوں پر 14 رن میں دو چوکے لگائے ۔وکھارے نے پریرک مانکڈ کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ مانکڈ نے دو رن بنائے اور سوراشٹر نے اپنا ساتواں وکٹ 91 کے اسکور پر گنوا دیا۔ وشوراج نے 137 گیندوں کا سامنا کیا اور 52 رنز میں چھ چوکے لگائے ۔وشوراج کا وکٹ 103 کے اسکور پر گرتے ہی سوراشٹر کی تمام امیدیں ختم ہو گئیں۔ سروٹے نے سوراشٹر کے کپتان جے دیو انادکٹ (7) کو ایل بی ڈبلیو کیا جبکہ وکھارے نے دھرمندرسنگھ جڈیجہ (17) کو سروٹے کے ہاتھوں کیچ کراکر سوراشٹر کی اننگز 127 رنز پر سمیٹ دی۔