گمبھی راؤ پیٹ ۔ /2جنوری، (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رواں سال حکومت نے سرکاری طور پر تلنگانہ کے تمام سرکاری مدارس میں اساتذہ کی مخلوعہ جائیدادوں پر ودیا والینٹرز کی خدمات حاصل کرتے ہوئے تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھا۔ گمبھی راؤ پیٹ میں بھی منڈل کی سطح پر تقریباً 30 تا 35 والینٹرز ٹیچرس کو تعینات کرتے ہوئے انہیں ماہانہ 12 ہزار روپئے تنخواہیں مقرر کی گئیں۔ یہاں پر اس طرح خدمت گذار ودیا والینٹرز ان دنوں گزشتہ تین ماہ یعنی اکٹوبر، نومبر، ڈسمبر کی تنخواہوں کی عدم اجرائی سے پریشان کن حالات سے دوچار ہیں۔ اس گرانی کے دور میں بہت ہی کم دی جانے والی تنخواہیں اگر ماہانہ پابندی کے ساتھ ادا نہ کی جائیں تو ان کا روز مرہ کا گذارہ پریشان کن مرحلہ ہے۔ ڈی ایڈ ٹرینڈ ٹیچرز اسوسی ایشن ضلع کریم نگر کے نائب صدر شیخ شبیر نے اپنے صحافتی بیان میں ضلع راجنہ سرسلہ کے متعلقہ عہدیداروں سے خواہش کی کہ وہ ودیا والینٹرز کے طور پر خدمات انجام دینے والے اساتذہ کی تین ماہ سے روکی ہوئی تنخواہیں فوری اجراء کریں۔