ہندوستانی ٹیم کے چیف کوچ روی شاستری کا احساس
نئی دہلی۔ 29مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹیم کے چیف کوچ روی شاستری نے ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کپتان ہونے کے ناطے بے خوف اور اپنی متاثر کن کارکردگی سے ٹیم کی قیادت کرتے ہیں۔شاستری نے اسکائی کرکٹ پوڈکاسٹ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وراٹ اپنی کارکردگی اور مؤثر طریقے سے ٹیم کی قیادت کرتے ہیں اور مڈل آرڈر کے لئے ایک بہتر ماحول طے کر دیتے ہیں۔شاستری نے کہاکہ میرا ہمیشہ سے ماننا رہا ہے کہ کپتان ٹیم کا باس ہوتا ہے ۔ کوچنگ عملے کی ذمہ داری کھلاڑیوں کو بہتر طریقے سے تیار کرنے کی ہوتی ہے تاکہ کھلاڑی میدان پر جاکر ہمت، مثبت اور نڈر کرکٹ کھیلیں۔انہوں نے کہا کہ کپتان ٹیم کی قیادت کرتا ہے اور ہم اس کا بوجھ کم کرنے کے لئے ہوتے ہیں لیکن سامنے سے تو کپتان ہی ٹیم کو لیڈ کرتا ہے ۔ کپتان خود ٹیم کے تال تیار کرتا ہے اور دوسرے کھلاڑیوں کو بھی ایسا کرنے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے ۔ کپتان پوری ٹیم کو کنٹرول کرتا ہے ۔کوچ نے کپتان وراٹ کی فٹنس کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہاکہ جب آپ فٹنس کی بات کرتے ہو تو اس میں بھی مثال قائم کرنا ضروری ہے اور وراٹ ایسا ہی کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وراٹ کا کہنا ہے کہ اگر مجھے یہ کھیل کھیلنا ہے تو اس کے لئے مجھے فٹ رہنا پڑے گا اور کسی بھی ماحول میں کھیلنے کے لئے انہیں اپنا جسم فٹ رکھنا ہوگا ۔شاستری نے کہاکہ صرف ٹریننگ ہی نہیں انہوں نے کھانے پینے سے متعلق عادات کے لئے بھی کافی قربانی دی ہے ۔ میں نے ان میں تبدیلی دیکھی ہے ۔ایک دن انہوں نے مجھ سے کہا تھا کہ وہ سبزی خور ہیں۔ جب وہ خود اسے اپنا رہے ہیں تو اس کا دیگر کھلاڑیوں پر بھی اثر پڑتا ہے ۔ٹیسٹ کرکٹ ہمارے لئے کافی بڑا فارمیٹ ہے جس کے لئے ہمیں معیار طے کرنے ہوں گے ۔