بطور کپتان ہر ہندستانی کرکٹ فین کے دل میں جگہ بنانے والے سوربھ گانگولی اب ہندستانی کرکٹ بورڈ کے صدر بن گئے ہیں۔ صدر بنتے ہی سوربھ گانگولی نے ہندستانی کرکٹ میں کئی بڑی تبدیلی کرنے کے اشارے دے دئے ہیں۔ بی سی سی آئی صدر بننے کے بعد سوربھ گانگولی نے پہلی مرتبہ ٹیم انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی پر بھی بڑا بیان دیا ہے۔ سوربھ گانگولی نے وراٹ کوہلی کو چیمپئن کھلاڑی بتایا ہے لیکن اس کے ساتھ۔ ہی انہوں نے اشاروں میں وراٹ کوہلی کو سیمی فائنل اور فائنل میچ جیتنے پر زور دینے کو کہا ہے۔
سوربھ گانگولی نے ٹیم انڈیا کو ایک بہترین ٹیم بتایا۔ انہوں نے کہا ‘ہندستان ایک بہترین ٹیم ہے، وہ شاندار کھیل دکھا رہے ہیں۔ میں جانتا ہوں کہ ٹیم انڈیا نے کوئی بڑا ٹورنامنٹ نہیں جیتا ہے لیکن وہ اچھا کھیل دکھاتے ہیں سوائے سیمی فائنل اور فائنل میچ کے۔ وراٹ کوہلی اس کو بدل سکتے ہیں۔ وہ ایک چیمپئن کھلاڑی ہیں۔
وراٹ کوہلی نے جب سے ٹیم کی کمان سنبھالی ہے تبھی سے ٹیم انڈیا جارحانہ کرکٹ کھیل رہی ہے اور اس کی جیت فیصد بھی کافی بڑھ رہی ہے لیکن یہ بھی سچ ہے کہ چیمپئن ٹرافی اور ورلڈ کپ میں ٹیم انڈیا کو شکست جھیلنی پڑی ہے۔ سال 2017 میں ہندستانی ٹیم چیمپئن ٹرافی کے فائنل میں ہاری۔ 2019 ورلڈ کپ میں ٹیم انڈیا نے سیمی فائنل تک کا سفر طے کیا۔