ورا ورا راؤ کا 14 ڈسمبر تک خانگی ہاسپٹل میں علاج

   

حیدرآباد:ممبئی ہائیکورٹ نے انقلابی شاعر ورا ورا راؤ کو 14 ڈسمبر تک خانگی ہاسپٹل میں علاج کی اجازت دی ہے ۔ عدالت میں ورا ورا راؤ کی صحت کے بارے میں رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ان کی حالت میں بہتری ہوئی ہے جس پر عدالت نے 14 ڈسمبر تک ہاسپٹل میں زیر علاج رہنے کی اجازت دی۔ عدالت نے کہا کہ این آئی اے کے وکلاء ورا ورا راؤ کی میڈیکل رپورٹ کا جائزہ لے سکتے ہیں۔ عدالت نے آئندہ سماعت 14 ڈسمبر کو مقرر کی ہے ۔ جسٹس ایس ایس شنڈے اور جسٹس ایم ایس کارنک پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے ورا ورا راؤ اور ان کے افراد خاندان کی جانب سے میڈیکل گراؤنڈ پر ضمانت کی درخواست کی سماعت کی ۔ انقلابی شاعر کو تلوجا جیل سے ناناوتی ہاسپٹل منتقل کیا گیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ 81 سالہ ورا ورا راؤ کئی عوارض کا شکار ہے اور کورونا سے صحت یاب ہونے کے بعد وائرل انفیکشن میں مبتلا ہوئے ۔ مہاراشٹرا حکومت نے 18 نومبر کو عدالت کے احکامات پر ورا ورا راؤ کو خانگی ہاسپٹل منتقل کیا ۔ ورا ورا راؤ اور دوسرے جہد کار نکسلائٹ سے روابط کے الزام میں گرفتار کئے گئے ہیں۔