ورا ورا راؤ کی ضمانت پر رہائی کیلئے مہم میں شدت

   

جانا ریڈی کا وزیراعظم نریندر مودی اور کے سی آر کو مکتوب
حیدرآباد : انقلابی شاعر اور ادیب ورا ورا راؤ کو خرابیٔ صحت کی بنیاد پر ضمانت پر رہا کرنے کیلئے سیاسی قائدین اور شعراء اور ادیبوں کی جانب سے حکومت پر دباؤ میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ دنیا کے مختلف حصوں سے ورا ورا راؤ کی رہائی کی مہم کو تائید حاصل ہوئی ہے۔ انقلابی شاعر کو بہتر علاج کے ساتھ ضمانت پر رہا کرنے کا مرکز اورمہاراشٹرا حکومت سے مطالبہ شدت اختیار کر رہا ہے ۔ اسی دوران کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق قائد اپوزیشن کے جانا ریڈی نے وزیراعظم نریندر مودی اور چیف منسٹر کے سی آر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ورا ورا راؤ کی ضمانت پر رہائی کے اقدامات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے متاثر ہونے کے سبب ورا ورا راؤ کی حالت کافی خراب ہے، انہیں بہتر علاج کی ضرورت ہے اور افراد خاندان کے ساتھ وہ بہتر علاج کراسکتے ہیں۔ جانا ریڈی نے کہا کہ 2004 ء میں متحدہ آندھراپردیش میں نکسلائٹس کے ساتھ امن مذاکرات میں ورا ورا راؤ نے اہم رول ادا کیا تھا ۔ جہد کاروں میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ، چیف منسٹر مہاراشٹرا اور ممبئی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کو مکتوب روانہ کیا ہے ۔ 520 جہد کاروں ، شعراء اور ادیبوں نے اپنے مکتوب میں ورا ورا راؤ کی صحت پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ 80 سالہ انقلابی شاعر کو فوری رہا کرتے ہوئے ان کی زندگی بچائی جاسکتی ہے۔ شاعروں اور ادیبوں نے کہا کہ فرضی مقدمہ میں پھنساکر ورا ورا راؤ کو جیل میں محروس رکھا گیا ہے۔