ورا ورا راو کا بہتر علاج کروانے سی پی ایم کا مطالبہ

   

حیدرآباد۔ 13 جولائی (سیاست نیوز) انقلابی ادیب ورا ورا راؤ کی صحت سے متعلق تشویش ظاہر کرتے ہوئے بائیں بازو مہاراشٹرا کمیٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر انقلابی ادیب کا بہتر علاج کرائے۔ سی پی آئی ایم نے حکومت مہاراشٹرا سے مطالبہ کیا کہ وہ جھوٹے اور بے بنیاد مقدمہ میں ماخوذ ادیب کو بہتر علاج کی سہولت فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ ورا ورا راؤ اپنے دانت صاف کرنے کے بھی موقف میں نہیں ہیں اور دن بدن ان کی حالت ابتر ہوتی جارہی ہے اور بہتر انداز میں فوری علاج نہ ہونے کی صورت میں ان کی جان کو خطرہ ہوسکتا ہے چونکہ مہاراشٹرا کی جیلوں میں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے۔ ایسی صورت میں ورا ورا راؤ کی صحت پر توجہ دینی چاہئے۔ ان کی بیوی اور بیٹیوں کی جانب سے کی گئی درخواست پر انسانی بنیاد پر فیصلہ کیا جانا چاہئے۔ یاد رہے کہ قبل ازیں ورا ورا راؤ کی بیوی اور بیٹیاں کے علاوہ تنظیم برائے سیاسی تبدیلیاں نے بھی ورا ورا راؤ کو حیدرآباد منتقل کرتے ہوئے ان کے علاج کی درخواست کی تھی اور ان سے فون پر بات کروانے کی بھی درخواست کی گئی تھی۔