ورا ورا راو کی رہائی کیلئے جنوبی ریاستوں میں احتجاج

,

   

پروفیسر سائی بابا کو بھی رہاء کرنے کا مطالبہ ۔ جیل میں سلامتی پر اندیشوں کا اظہار

حیدرآباد۔/29 مئی ( سیاست نیوز) انقلابی قلمکارو سماجی جہد کار ورا ورا راؤ اور پروفیسر سائی بابا کی رہائی کے مطالبہ پر آج جنوبی میں احتجاج کیا گیا۔ جہد کار، انسانی حقوق کارکنان ادیب ، شعراء اور ہمدرد افراد نے سیاہ بیاچس لگاکر پلے کارڈز کے ذریعہ گھروں میں احتجاج درج کیا اور ان کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ ورا ورا راؤ کی اہلیہ ہیما لتا اور ان کی دختر بھاونا نے احتجاج میں حصہ لیا۔ کل ورا ورا راؤ کی دختران نے والد کی رہائی کیلئے حکومت مہاراشٹرا ، ہائی کورٹ اور مرکز سے مطالبہ کیا تھا۔ آج انسانی حقوق کیلئے سرگرم تنظیم جو سیاسی قیدیوں کی رہائی کیلئے تشکیل دی گئی ہے کی اپیل پر جنوبی ہند کی 4 ریاستوں تلنگانہ، آندھرا اور کیرالا میں احتجاج کیا گیا۔ تنظیم کے کنوینر پروفیسر ہر گوپال نے حکومت کی پالیسیوں پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پروفیسر سائی بابا اور ورا ورا راؤ کو فوری رہا کیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ضمانت پر ان کی رہائی عمل میں لائے یا پیرول پر رہا کیا جائے۔ انہوں نے ان دونوں قائدین کی سلامتی کے تعلق سے تشویش ظاہر کی اور کہا کہ ورا ورا راؤ 80 سال سے زائد عمر کے ہیں اور پروفیسر سائی بابا بغیر سہارے کے چل پھر نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ جس جیل میں ورا ورا راؤ قید ہیں اس میں کورونا اموات واقع ہورہی ہیں۔ لہذا اب ان کی سلامتی پر خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔ پروفیسر ہرا گوپال نے کہا کہ ناگپور جیل میں گزشتہ تین سال سے دہلی یونیورسٹی کے پروفیسر سائی بابا قید ہیں جن کی حالت دن بہ دن بگڑتی جارہی ہے۔ ملک میں مہلک مرض بڑھتا جارہا ہے اور پروفیسر کی والدہ کینسر سے تکلیف میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے پی اے پی اے قانون کو مسترد کرنے کا مطالبہ کیا اور اس قانون کے تحت گرفتار افراد کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

ورا ورا راؤ خرابی صحت پر دواخانہ منتقل
اس دوران ممبئی کی تلوجہ جیل میں ورا ورا راؤ کی صحت اچانک خراب ہونے کے سبب انہیں ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ممبئی کے جے جے ہاسپٹل میں ورا ورا راؤ کو شریک کردیا گیا اور متعلقہ حکام نے چکڑ پلی پولیس اسٹیشن میں اس کی اطلاع دے دی۔ پولیس نے افراد خاندان کو ان کی صحت کے تعلق سے تفصیلات سے آگاہ کیا ۔پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے آج رات اپنے ٹوئیٹر ہینڈل پر بتایا کہ ورا ورا راؤ کی خرابی صحت کے نتیجہ میں سر جے جے ہاسپٹل ممبئی میں شریک کیا گیا اور اس سلسلہ میں ان کے ارکان خاندان کو اطلاع دے دی گئی ہے۔ پولیس کمشنر نے کہا کہ مسٹر راؤ کے ارکان خاندان کیلئے ڈپٹی کمشنر پولیس سنٹرل زون کے دفتر سے پاسیس جاری کئے جارہے ہیں تاکہ وہ ممبئی پہنچ کر دواخانہ میں عیادت کرسکیں۔