ورا ورا راو کی صحت کی بنیاد پر رہائی کیلئے دختران کا مطالبہ

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد /28 مئی ( سیاست نیوز ) مہاراشٹرا کی جیل میں تقریباً دیڑھ سال سے قید زیر دریافت معروف انقلابی ادیب ورا ورا راؤ کی رہائی کیلئے ان کی دختران نے آواز بلند کی ہے ۔ صحت کی بنیاد پر رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے ورا ورا راؤ کی تینوں دختران نے حکومت مہاراشٹرا کو خط لکھا ہے اور اپنے والد کی صحت و حالت کے تعلق سے تفصیلی ذکر کیا ہے ۔انقلابی ادیب کی دختران سہاجا ، پوانا اور انالا نے گورنر مہاراشٹرا ، چیف جسٹس مہاراشٹرا اور چیف منسٹر مہاراشٹرا ادھوٹھاکرے کو خط لکھا ہے ۔ دختران نے والد کی سلامتی پر سوالیہ نشان اٹھایا ہے اور وراورا راؤ جنہیں سازش میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا تھا ۔ فی الحال نوی ممبئی کی تلوجا جیل میں قید ہیں ۔ جیل میں کورونا سے کئی اموات ہوئی ہیں اور ان دختران کا الزام ہے کہ ان کے والد کو جان بوجھ کر تلوجا جیل منتقل کیا گیا ۔ انقلابی ادیب کا شمار زیر دریافت قیدیوں میں ہوتا ہے ۔ نومبر 2018 میں بھیما کورگاؤں تشدد میں ورا ورا راؤ کو سازشی قرار دیا جارہا ہے ۔ اسکے علاوہ وزیر اعظم نریندر مودی کو ہلاک کرنے کی سازش میں شمولیت کا ان پر الزام ہے ۔ دختران نے والد کی صحت پر تشویش ظاہر کی اور صحت کی بنیاد پر ضمانت یا پیرول پر رہائی کا مطالبہ کیا۔