کراچی: امریکہ، یورپ سمیت دنیا کے دیگر خطوں میں شدید برف باری کے باعث طویل ٹریفک جام اور اس میں بڑی تعداد میں لوگوں کے پھنس جانے کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔ حال ہی میں امریکہ کی ریاست ورجینیا میں یہ صورتحال پیش آئی تھی لیکن وہاں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔اس کے برعکس پاکستان کے معروف سیاحتی مقام مری میں ہفتے کو سڑکوں پر پھنسنے والی گاڑیوں میں ہلاکتوں کے بعد اس سانحہ کے اسباب زیر بحث ہیں۔مری واقعے پر ماہرین اور عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ بروقت امدادی کارروائیاں شروع نہ ہونے کے ساتھ ساتھ لوگوں کو ہنگامی صورتِ حال میں اختیار کی گئی تدابیر سے آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے بھی سنگین حالات پیدا ہوئے۔ابتدائی رپوٹ میں کہا گیا ہے کہ برف باری کے دوران گاڑیوں میں بیٹھے 22 افراد کاربن مونو آکسائیڈ سے ہلاک ہوئے۔