وشاکھاپٹنم 23 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم رواں برس انگلینڈ میں منعقد شدنی ورلڈکپ کے لئے اپنے قطعی کھلاڑیوں کے لئے دستیاب آخری موقع سے فائدہ اُٹھانے کی خواہاں ہوگی۔ جیسا کہ کل یہاں آسٹریلیا کے خلاف ٹوئنٹی 20 سیریز کا پہلا مقابلہ کھیلا جائے گا۔ ہندوستان اور مہمان آسٹریلیا کے درمیان 7 مقابلوں کی سیریز کھیلی جارہی ہے جس میں ابتدائی دو مقابلے ٹوئنٹی 20 ہوں گے جبکہ اِس کے بعد 5 ونڈے مقابلوں کی سیریز کھیلی جائے گی اور یہ 30 مئی کو انگلینڈ میں شروع ہونے والے ورلڈکپ سے قبل ہندوستان کو اپنی ٹیم کو قطعیت دینے کا آخری موقع ہوگا۔ ہندوستانی ٹیم میں تقریباً 11 کھلاڑیوں کے مقامات مکمل ہوچکے ہیں جبکہ صرف دو مقامات ایسے ہیں جہاں ہندوستانی ٹیم بہتر سے بہتر کھلاڑی کے انتخاب کے لئے ہنوز تجربات کررہی ہے۔ ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی اور کوچ روی شاستری آسٹریلیا کے خلاف ہونے والی سیریز میں دو مقامات کے لئے بہتر سے بہتر کھلاڑیوں کے انتخاب پر اپنی توجہ مرکوز کرچکے ہیں۔ وکٹ کیپر بیٹسمین ریشپھ پنت اور آل راؤنڈر وجئے شنکر اِن دو مقامات کے لئے سب سے مضبوط دعویدار ہیں۔ کپتان ویراٹ کوہلی 3 ہفتوں کے آرام کے بعد ٹیم میں واپسی کرچکے ہیں۔ ونڈے ٹیم میں دنیش کارتک کو شامل نہ کرتے ہوئے اشارہ دیا گیا ہے کہ شاید وہ ورلڈ کپ کی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں اور پنت کی شمولیت سے ان کی دعویداری کافی مضبوط ہوچکی ہے۔ پنت کو اِس لئے بھی شامل کیا گیا ہے کہ وہ اوپنگ سے لے کر لوور آرڈر میں کسی بھی مقام پر بیاٹنگ کرنے کے علاوہ مقابلے کو اپنی ٹیم کے حق میں کرنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں کیوں کہ اِن میں ہمالیائی چھکے مارنے کی صلاحیت موجود ہے۔ علاوہ ازیں شنکر بھی بولنگ کے علاوہ جارحانہ بیاٹنگ کی صلاحیت کے لئے مشہور ہیں۔ شنکر کی دعویداری اِس لئے بھی مضبوط ہوچکی ہے کیوں کہ ہاردک پانڈیا تنازعات اور فٹنس مسائل کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہوئے ہیں۔ ہندوستانی ٹیم میں فاسٹ بولر جسپریت بومرا کی بھی واپسی ہوئی ہے جیسا کہ انھیں آسٹریلیا کے خلاف ٹسٹ سیریز کے بعد آرام دیا گیا تھا۔ بومرا ٹوئنٹی 20 میں 50 وکٹوں سے محض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے کی دوری پر ہیں۔ اُمید ہے کہ کل کھیلے جانے والے مقابلے میں وہ یہ ریکارڈ بھی حاصل کرلیں گے۔ ٹوئنٹی 20 میں ہندوستانی ٹیم کے مظاہرے استقلال کا ریکارڈ پیش نہیں کرتے جیسا کہ نیوزی لینڈ کے دورے پر اِسے میزبان کے خلاف 1-2 کی شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ آسٹریلیا اور ہندوستان کے درمیان ہونے والے ٹوئنٹی 20 مقابلوں میں 11-2 کی سبقت ضرور حاصل ہے لیکن 2017 ء 2018 ء میں گھریلو اور بیرونی میدانوں پر آسٹریلیا کے خلاف کھیلی گئی سیریز میں اِسے ڈرا پر اکتفا کرنا پڑا۔ آسٹریلیا کے خلاف ہندوستان نے 2016 ء میں دھونی کی قیادت میں اُسی کے میدانوں پر 3-0 کی کامیابی حاصل کی تھی۔ اِس کلین سوئپ کے بعد اب کوہلی کی زیرقیادت ٹیم 2-0 کی خواہاں ہوگی۔ آسٹریلیا کے خلاف کوہلی کا ریکارڈ کافی شاندار ہے۔ جیسا کہ انھوں نے 13 مقابلوں میں 61 کی اوسط سے رنز اسکور کئے ہیں جس میں 5 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔