ورلڈکپ ٹیم کے سچن اورگلکرسٹ اوپنرس،عمران خان کپتان

   

ممبئی ۔25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) کرکٹ کی مشہور ویب سائٹ کرک انفو نے ورلڈکپ 2019 سے قبل اپنے اسٹاف سروے کے ذریعے آل ٹائم ورلڈکپ الیون کا انتخاب کیا جس میں ہندوستانی ٹیم کے سابق ماسٹر بلاسٹر سچن تنڈولکر اور آسٹریلیائی دھماکو اوپنر آڈم گلکرسٹ اوپنرس ہیں تو پاکستان کے سابق کپتان عمران خان کو قائد بنایا گیا ہے۔ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق 22 رکنی اسٹاف کی ٹیم میں وسیم اکرم واحد کھلاڑی تھے جن کو تمام اراکین نے اپنی ٹیم میں شامل کیا تھا۔ وسیم اکرم نے 1992 کے ورلڈ کپ فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا جہاں انہوں نے انگلینڈ کے مشہور بیٹسمینوں ایلن لیمب اورکرس لیوس کو مسلسل دو گیندوں میں آؤٹ کرکے تہلکہ مچادیا تھا۔ پاکستان کو 1992 میں عالمی چمپیئن بنانے والی ٹیم کے کپتان عمران خان کو بھی اس ٹیم میں منتخب کرلیا گیا ہے۔ کرک انفو کی اس آل ٹائم ورلڈ کپ الیون میں ہندوستان سے صرف ایک عظیم سابق اوپنر سچن تنڈولکر ہی جگہ بنا سکے ہیں۔ ٹیم میں پانچ مرتبہ کی ریکارڈ چمپیئن آسٹریلیا کے سب سے زیادہ کھلاڑیوں نے جگہ بنائی ہے جن میں ایڈم گلکرسٹ، رکی پونٹنگ، شین وارن اورگلین میک گرا شامل ہیں۔ اس ٹیم میں دو ایسے کھلاڑیوں کو بھی حصہ بنایا گیا ہے جو کبھی عالمی چمپیئن ٹیم کا حصہ نہیں رہے، ان میں کمار سنگاکارا اور جنوبی افریقہ کے لانس کلوزنر شامل ہیں۔ واضح رہے کہ سری لنکا کی ٹیم 1996 میں عالمی چمپیئن بنی تھی لیکن اس ٹیم میں کمار سنگاکارا نہیں تھے اور ٹھیک چار برس بعد ہی وہ ٹیم میں آئے تھے۔ سری لنکا کے ایک اور عظیم کھلاڑی متھیا مرلی دھرن بھی اس ٹیم میں شامل ہیں لیکن وہ 1996 کی عالمی چمپیئن کا حصہ تھے۔ ویسٹ انڈیز کے ویوین رچرڈز کا انتخاب بھی عمل میں آیا ہے جنہوں نے 1975 کے ورلڈ کپ فائنل میں شان دار سنچری بنائی تھی۔