ورلڈکپ کرکٹ سٹہ بازی چلانے والے دو گرفتار

   

حیدرآباد 2 جولائی (سیاست نیوز) ٹاسک فورس پولیس نے ورلڈ کپ کرکٹ 2019 ء پر سٹہ بازی چلانے والے دو سٹے بازوں کو گرفتارکرلیا اور اُن کے قبضہ سے موبائیل فونس، لیاپ ٹاپ اور دیگر اشیاء ضبط کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 41 سالہ جے وینو گوپال جو پیشہ سے کرکٹ بوکی ہے اپنے مکان واقع گولی گوڑہ چمن میں کرکٹ پر سٹہ بازی چلارہا تھا۔ اِسی طرح ضلع ناگور راجستھان سے تعلق رکھنے والے روی نارائن ساکن سمتی ریزڈنسی سلطان بازار کو گرفتار کرلیا گیا جو اپنے مکان سے کرکٹ پر سٹے بازی کا ریاکٹ چلارہا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ آئی سی سی ورلڈ کپ ونڈے میاچس کے موقع پر روی نارائن راست طور پر جواریوں سے سٹے کی بولی وصول کررہا تھا۔ اِس کارروائی میں پولیس نے ایک لاکھ 52 ہزار نقد رقم، دو موبائیل فون اور ٹی وی سیٹ برآمد کرلیا جبکہ جے وینو گوپال کے قبضہ سے ایک لاکھ 31 ہزار نقد رقم، ٹی وی سیٹ اور دیگر اشیاء ضبط کرلیا۔ گرفتار ملزمین کو متعلقہ پولیس کے حوالہ کردیا گیا۔