کراچی۔27 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا ہے کہ سب لوگ چاہتے ہیں کہ ٹی20 کرکٹ ورلڈ کپ ہو، اسے جلد بازی میں ملتوی نہیں کیا جانا چاہیے۔ایک انٹرویو میں مصباح الحق نے کہا تھا کہ 16 ٹیموں کی میزبانی کرنا آسان نہیں، حکام کو کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے ایک ماہ یا اس سے زیادہ انتظار کرنا چاہیے۔مصباح الحق نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے باعث پوری دنیا میں کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہیں اور لوگ مایوس ہیں۔ لوگ آگے بڑھنا چاہتے ہیں تو ہمیں کوشش کرنی چاہیے۔چیف سلیکٹر نے مزید کہا کہ آنے والا انگلینڈ کا دورہ دونوں ٹیموں، کوچز سمیت کسی کے لئے بھی آسان نہیں ہو گا کیونکہ اس وقت کرکٹ کے لئے وقت مثالی نہیں۔مصباح الحق نے کہا کہ محمد رضوان کے ساتھ سابق کپتان سرفراز احمد بھی دوسرے وکٹ کیپر کی حیثیت سے انگلینڈ کے دورے پر جائیں گے۔