ہیملٹن۔29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ وکرم راٹھور نے ہندوستانی کرکٹروں کی نئی نسل کو ناقابل یقین قرار دیا اور کہا کہ ٹیم مینجمنٹ اکتوبر نومبر میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے اہم کھلاڑیوں کی شناخت کر چکا ہے۔ راٹھور ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیڈن پارک میں ہونے والے تیسرے ٹی 20 بین الاقوامی میچ کے موقع پر بات کر رہے تھے۔ راٹھور نے کہاکہ آخری لمحات تک ہم آہنگی جاری رہے گا لیکن جہاں تک میری اور ٹیم مینجمنٹ کی بات ہے تو ہم نے اہم کھلاڑیوں کی شناخت کر لی ہے۔ہم جانتے ہیں کہ ہماری ٹیم کیسی ہوگی۔ اگر چوٹ یا انتہائی خراب فارم کا معاملہ نہیں ہوتا تو مجھے نہیں لگتا کہ بہت زیادہ تبدیلی ہوگی۔ آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ ذہن میں رکھتے ہوئے ہندوستان نے گزشتہ سال ستمبر سے ہی کھلاڑیوں کا استعمال کرنا شروع کر دیاہے اور اس نے شریاس ایر، واشنگٹن سندر، دیپک چاہر اور شیوم دوبے جیسے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیئے۔ ٹی 20 ٹیم نیوزی لینڈ میں نئی تاریخ رقم کرچکی ہے اور نوجوان کھلاڑی کامیابی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں جس سے بیٹنگ کوچ کافی متاثر ہیں۔راٹھور نے کہاکہ کرکٹروں کی یہ نئی نسل ناقابل یقین ہے۔وہ جس طرح سے فوری طور پر ہم آہنگی کرتے ہیں وہ واقعی حیرت بھرا ہے۔وہ اصل میں مختلف فارمیٹ، مختلف میدانوں اور مختلف ممالک میں اترتے ہی بہترین کارکردگی کررہے ہیں۔یہاں نیوزی لینڈ میں جس طرح سے انہوں نے بہت کم وقت میں حالات سے مطابقت کیاہے وہ واقعی لاجواب ہے۔ہندوستان نے کے ایل راہول اور ایر کی شاندار فارم کی بدولت آکلینڈ میں پہلے دونوں میچ جیتے۔ بیٹنگ کوچ نے اطمینان کا اظہار کیا کہ نوجوان ٹیم کی کامیابی میں مدد دے رہے ہیں۔ان کھلاڑیوں کو جتنے زیادہ موقع مل رہے ہیں وہ دکھا رہے ہیں کہ وہ قابل ہے اور وہ میچ فاتح بھی ہیں۔یادرہے کہ ان دونوں ہندوستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے دورہ پر ہے جہاں اس نے میزبان ٹیم کے خلاف 5 مقابلوں کی ٹی20 سیریز میں 3-0 کی ناقابل شکست کامیابی حاصل کرلی ہے۔
