ورلڈکپ کیلئے پاکستانی ٹیم کا اعلان، ثنا میرباہر

   

کراچی ۔21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی خواتین ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2020 کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا جس میں سابق کپتان ثنا میر کو شامل نہیں کیا گیا۔پی سی بی کی جانب سے جاری اسکواڈ کا انتخاب بین الاقوامی اور ڈومیسٹک کرکٹ میں خواتین کھلاڑیوں کی حالیہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا ہے۔ عروج ممتاز کی سربراہی میں مرینہ اقبال اور اسماویہ اقبال پر مشتمل تین رکنی سلیکشن کمیٹی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کے خلاف گزشتہ سیریز میں حصہ لینے والی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی ہیں۔ انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیلنے والی ناہیدہ خان، رامین شمیم اور عائشہ ظفر کی جگہ منیبہ علی، عائشہ نسیم اور ایمن انورکو میگا ایونٹ کے لئے 15 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف سیریز میں 2-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی پاکستانی ٹیم کی قیادت بسمہ معروف کریں گی جبکہ دیگر کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں۔ بسمہ معروف (کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، ارم جاوید، جویریہ خان، منیبہ علی، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال، سدرہ نواز(وکٹ کیپر) اور سیدہ عروب شاہ۔ ویمنز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ 21 فروری سے 8 مارچ 2020 تک آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا۔