ورلڈکپ کے ویڈیو میں بابر کی عدم موجودگی پر شعیب اختر برہم

   

کراچی ۔ پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے ورلڈکپ کے اشتہاری ویڈیو اپنی ٹیم کے کپتان بابراعظم کو ان کی شاندار کامیابیوں کے باوجود بھی نظر اندازکیے جانے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے ورلڈ کپ تشہیرکی 2 منٹ 12 سیکنڈزکی ویڈیو جاری ہوتے ہی سوشل میڈیا صارفین نے فوراََ یہ بات نوٹس کرلی کہ اس ویڈیو میں کافی جانبداری کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔ شیعب اختر نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ جس نے بھی یہ سوچا کہ ورلڈکپ کا پرومو پاکستان اور بابر اعظم کی نمایاں موجودگی کے بغیر مکمل ہو جائے گا، اس نے حقیقت میں اپنا مذاق خود اْڑایا ہے۔ اْنہوں نے اپنے ٹوئٹ کے آخر میں لکھا کہاب وقت آگیا ہے کہ آپ لوگ تھوڑا بڑے ہوجاو۔ واضح رہے کہ آئی سی سی کی جانب سے جاری کی گئی ورلڈ کپ کی پروموشنل ویڈیو میں کرکٹ کے اترتے چڑھتے لمحات اس انداز سے دکھائے گئے ہیں کہ آئی سی سی ونڈے رینکنگ میں اس وقت دوسرے مقام پر موجود پاکستان ٹیم کی زیادہ تر صرف مایوسی کی جھلکیاں دکھائی گئی ہیں۔ اس ویڈیو میں شاداب خان کو چھکا لگنا، محمد عامر کا بولڈ ہونا، وہاب ریاض کا اپنی بال پر شاٹ لگنے کے بعد مایوس ہونا اور 1992ء میں انضمام الحق کا رن آؤٹ شامل ہے۔ یہاں تک کہ ایک منظر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک پاکستانی مداح مایوس بیٹھا ہے اور اس کے ساتھ بیٹھا مداح اسے دلاسا دیتا ہے۔ پوری ویڈیو میں پاکستان کا صرف ایک اچھا لمحہ دکھایا گیا ہے جس میں شاہین آفریدی وکٹ لے کر جشن مناتے نظرآرہے ہیں۔