ورلڈ اکنامک فورم سمٹ کے بعد ریونت ریڈی امریکہ روانہ

   

ہارورڈ یونیورسٹی کے لیڈرشپ پروگرام میں شرکت کریں گے، گودریج اور دیگر کمپنیوں نے تلنگانہ میں سرمایہ کاری سے اتفاق کیا
حیدرآباد 23 جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی ڈاؤس میں ورلڈ اکنامک فورم کے 3 روزہ اجلاس میں شرکت کے بعد امریکہ روانہ ہوگئے جبکہ تلنگانہ وفد میں شامل ریاستی وزراء اور عہدیدار حیدرآباد واپس ہوئے۔ ریونت ریڈی کی زیرقیادت تلنگانہ رائزنگ وفد نے ڈاؤس میں مختلف عالمی اداروں کے نمائندوں سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ میں بھاری سرمایہ کاری کے لئے یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے۔ حالیہ گلوبل سمٹ میں تلنگانہ میں 5.75 لاکھ کروڑ کی سرمایہ کاری کے معاہدات طے پائے۔ 3 روزہ ورلڈ اکنامک فورم سمٹ کے دوران بھی کئی عالمی اداروں نے تلنگانہ رائزنگ ویژن 2047 سے وابستگی کا اظہار کیا۔ 3 روزہ سمٹ میں گلوبل کیپابلیٹی سنٹرس، ڈیٹا سنٹرس، کلین اینڈ گرین انرجی اور دیگر مینوفیکچرنگ شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے معاہدات کئے گئے۔ اسکل ڈیولپمنٹ پروگراموں میں عالمی اداروں نے دلچسپی ظاہر کی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ہر سال جولائی یا اگست میں ورلڈ اکنامک فورم کا فالو اپ اجلاس حیدرآباد میں منعقد کرنے کی تجویز پیش کی جس سے فورم کے عہدیداروں نے اتفاق کیا۔ چیف منسٹر نے 12 سے زائد کمپنیوں کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات کی۔ 3 روزہ سمٹ کے بعد چیف منسٹر سوئزرلینڈ کے دارالحکومت زیورچ سے امریکہ کے لئے روانہ ہوگئے جہاں وہ ہارورڈ یونیورسٹی میں 5 روزہ پروگرام میں طالب علم کے طور پر حصہ لیں گے۔ لیڈرشپ کے موضوع پر یونیورسٹی کے ادارہ نے 5 روزہ تربیتی پروگرام کا اہتمام کیا ہے جس میں ریونت ریڈی بحیثیت طالب علم شریک ہوکر اسائنمنٹس کی تکمیل کریں گے۔ ریاستی وزراء ڈی سریدھر بابو اور پی سرینواس ریڈی وفد کے دیگر عہدیداروں کے ساتھ حیدرآباد واپس ہوگئے۔ ڈاؤس سمٹ کے آخری دن INOX گروپ نے تلنگانہ میں سولار اور ونڈ برقی کی تیاری کے شعبہ جات میں سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا۔ کمپنی کے ڈائرکٹر دیوانش جین نے چیف منسٹر سے ملاقات کی اور برقی کی تیاری کے شعبہ میں تلنگانہ کے ساتھ تعاون کا پیشکش کیا۔ یہ کمپنی گزشتہ 90 برسوں سے دنیا کے مختلف ممالک میں سرمایہ کاری میں مصروف ہے۔ ایک اور عالمی ادارہ پیئرسن نے تلنگانہ کے ساتھ یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے جس کے تحت ملٹی نیشنل ایجوکیشن اور پبلشنگ کے شعبہ میں خدمات فراہم کی جائیں گی۔ کمپنی نے آرٹیفیشل انٹلی جنس ہب کے قیام میں تعاون کا یقین دلایا۔ آئی ٹی کے اسپیشل سکریٹری سنجے کمار نے کمپنی کے نمائندوں کو تلنگانہ میں فیوچر سٹی کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ چیف منسٹر کی زیرقیادت تلنگانہ وفد نے صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر گودریج انڈسٹریز نادر گودریج سے ملاقات کی۔ گودریج کمپنی نے زراعت، آئیل پام اور دیگر پراڈکٹس کے سلسلہ میں پلانٹ قائم کرنے سے اتفاق کیا جس پر 150 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری ہوگی۔ بھارت فیوچر سٹی میں گودریج کے سربراہ نے اپنی سرگرمیوں کو وسعت دینے سے اتفاق کیا۔ ورلڈ اکنامک فورم کے 3 روزہ سمٹ میں تلنگانہ نے تقریباً 30 ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری کے معاہدات کو قطعیت دی۔1