فورم عہدیداروں کی ریونت ریڈی سے ملاقات، تلنگانہ میں 28 ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری کیلئے مختلف معاہدات
حیدرآباد ۔22 ۔ جنوری (سیاست نیوز) ورلڈ اکنامک فورم کے ڈاؤس میں منعقدہ اجلاس کے دوسرے دن چیف منسٹر ریونت ریڈی کی زیر قیادت تلنگانہ وفد میں عالمی صنعتی اداروں کے نمائندوں سے ملاقات کا سلسلہ جاری رکھا اور تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے معاہدات کئے گئے۔ اجلاس کے دوسرے دن 2862 کروڑ کی سرمایہ کاری سے متعلق معاہدات پر دستخط ہوئے۔ ورلڈ اکنامک فورم نے تلنگانہ رائزنگ ویژن 2047 پر عمل آوری میں تعاون کا یقین دلایا اور حیدرآباد میں ہر سال ورلڈ اکنامک فورم کے فالو اپ اجلاس منعقد کرنے کی تجویز سے اتفاق کیا۔ ورلڈ اکنامک فورم کی مینجنگ ڈائرکٹر جریمی جرگینس اور اسٹریٹجک امور کی سربراہ منجو جارج نے تلنگانہ پویلین میں چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ریاستی وزراء سے ملاقات کی۔ چیف منسٹر نے ورلڈ اکنامک فورم اجلاس کے فیصلوں پر عمل آوری کیلئے ہر سال جولائی یا اگست میں حیدرآباد میں فالو اپ اجلاس کے انعقاد کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہاکہ جنوری میں سرمایہ کاری سے متعلق جو فیصلے کئے جا تے ہیں ان پر عمل آوری کیلئے فالو اپ اجلاس ضروری ہے ۔ تلنگانہ حکومت نے حیدرآباد میں انعقاد کا پیشکش کیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حیدرآباد میں عالمی سطح کے اجلاسوں کے انعقاد کیلئے بہترین ماحول ہے۔ ورلڈ اکنامک فورم کی ٹیم نے چیف منسٹر کی تجویز پر مثبت ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ دیگر ممالک نے بھی یہ تجویزپیش کی ہے لیکن تلنگانہ کی تجویز کو جلد ہی قطعیت دی جائے گی۔ مینجنگ ڈائرکٹر نے کہا کہ سمر ڈاؤس سمٹ ہر سال چین میں منعقد کیا جاتا ہے اور سعودی عرب میں بھی انعقاد کی پیشکش کی ہے۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ رائزنگ ویژن کا روڈ میاپ پیش کیا جس کے تحت تلنگانہ کی معیشت کو تین ٹریلین ڈالر تک ترقی دینے کا منصوبہ ہے۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی سریدھر بابو نے فیوچر سٹی اور دیگر پراجکٹس کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ اسی دوران لیدر لینڈ کے یو پی سی وولٹ کمپنی نے 5000 کروڑ کے سرمایہ سے بھارت فیوچر سٹی میں 100 میگاواٹ صلاحیت کے آرٹیفشل انٹلیجنس ریڈی ڈیٹا سنٹر کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے گئے۔ نیدر لینڈ کی یو پی سی رینیویبل گروپ نے وولٹا کمپنی کے اشتراک سے سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا۔ پانچ برسوں میں پانچ ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری کی جائے گی جس کے نتیجہ میں 3000 سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ قابل تجدید توانائی کے شعبہ میں تلنگانہ کی ترقی میں مدد ملے گی۔ کمپنی کے چیف اگزیکیٹیو آفیسر ہین ڈی گروپ ، اسٹیون زوان کو فاؤنڈر ، الوک نگم چیف اگزیکیٹیو آفیسر ، وکاس شرما اسسٹنٹ وائس پریسیڈنٹ نے تلنگانہ وفد سے ملاقات کی۔ شنیڈر الیکٹرک انڈیا کمپنی نے تلنگانہ میں 623 کروڑ کی سرمایہ کاری سے اپنے توسیعی منصوبہ کا اعلان کیا ہے ۔ تلنگانہ میں کمپنی کے دو یونٹ موجود ہیں اور الیکٹریکل سیفٹی پراڈکٹس کی تیاری کے سلسلہ میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔ تلنگانہ میں 38 ڈیولپمنٹ مراکزکے قیام کی تجویز ہے۔1
فارمولہ ای ریسنگ کمپنی نمائندوں سے ریونت ریڈی کی ملاقات
ایک طرف تحقیقات دوسری طرف درپردہ معاملت، بی آر ایس لیڈر کے ٹی راما راؤ کا الزام
حیدرآباد ۔22 ۔ جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے فارمولہ ای ریسنگ معاملہ کی تحقیقات شروع کردی ہے تو دوسری طرف ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کی گرین کو کمپنی کے نمائندوں سے ملاقات پر اپوزیشن نے حیرت کا اظہار کیا ہے۔ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے تلنگانہ حکومت پر دوہرا معیار اختیار کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ اگر فارمولہ ای ریسنگ معاملہ میں اسکام ہوا ہے تو پھر ریسنگ کی ذمہ دار کمپنی کے نمائندوں سے چیف منسٹر نے ملاقات کیوں کی۔ میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت میں کے ٹی آر نے کہا کہ حکومت ایک طرف کہہ رہی ہے کہ فارمولہ ای ریسنگ میں بے قاعدگیاں ہوئی ہیں جبکہ دوسری طرف ڈاؤس میں اسی کمپنی کے نمائندوں سے چیف منسٹر نے ملاقات کی تھی۔ انہوں نے سوال کیا کہ تلنگانہ حکومت نے آیا کوئی معاہدہ کیا ہے یا پھر درپردہ کوئی ڈیل کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے ذریعہ کیا گرین کو کمپنی کو بچانے کی کوشش ہے یا پھر دھمکیوں کے ذریعہ کمپنی سے رقومات حاصل کرنے کی تیاری ہے۔ کے ٹی آر نے بتایا کہ ڈاؤس میں تلنگانہ کے وزراء کے ساتھ آندھراپردیش میں بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ بھی موجود تھے جس کے نتیجہ میں حکومت کے مقاصد پر سوال کھڑے ہوتے ہیں۔ بی آر ایس قائد نے کہا کہ ان کی پارٹی اضلاع کی از سر نو حدبندی سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجالس مقامی کے چناؤ میں بی آر ایس کا اہم انتخابی موضوع کانگریس حکومت کے وعدوں کی عدم تکمیل رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع کی از سر نو حدبندی سے عوام میں ناراضگی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میونسپلٹی کی سطح پر پارٹی انچارجس کا تقرر کیا جائیگا۔ اندرون دو یوم متحدہ اضلاع کی بنیاد پر انچارجس کے ناموں کا اعلان کردیا جائے گا۔ کے ٹی آر نے برسر خدمت جج کے ذریعہ سنگارینی کالریز ٹنڈر معاملہ کی جانچ کا مطالبہ کیا۔1