دوحہ ۔ 25 ستمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) ورلڈ اتھلیٹکس چمپیئن شپ کا جمعہ کو یہاں قطر میں آغاز ہورہا ہے اور فیفا ورلڈ کپ 2022 ء کی میزبانی کی ضمن میں اس ایونٹ کی اہمیت اور بڑھ گئی ہے ۔ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں اس دس روزہ چمپیئن شپ کا اہتمام کیا جارہا ہے جوکہ گیاس سے مالا مال خلیجی ملک کی عالمی ایونٹ میں میزبانی کی صلاحیتوں کا بھی امتحان ہے ۔ ورلڈ چمپیئن شپ کے لئے قطر نے بہترین انتظامات کئے ہیں تاہم یہ ورلڈ کپ کی بہ نسبت ایک چھوٹا ایونٹ ہے ۔ دریں اثناء ورلڈ کپ کے منتظمین اور دنیا کے معروف ترین کھیل کے شائقین کی اب تمام تر توجہ قطر پر مرکوز ہوچکی ہے تاکہ وہ اس کی میزبانی کا حقیقت میں انتظام دیکھ سکیں۔ حالیہ دنوں میں ورلڈ کپ کوالیفائنگ ایونٹ منعقد ہوا تھا جس میں دوحہ کے لئے چند ایک مسائل پیدا ہوئے تھے ۔ عالمی چمپیئن شپ کے دوران قطر کے دیگر خلیجی پڑوسی ممالک کے ساتھ کشیدہ سفارتی تعلقات بھی اہمیت کے حامل ہوں گے کیونکہ اس دوران قطر کو حفاظتی انتظامات ، مقابلے کے منعقد ہونے والے میدانوں ، عوامی حمل و نقل کے علاوہ کھلاڑیوں اور عہدیداروں کے لئے کئے جانے والے سفر کے انتظامات اور شائقین کے لئے فراہم کی جانے والی سہولیات اہمیت کی حامل ہوں گی ۔ خاص کر سکیورٹی اور میدانوں کے متعلق کئے جانے والے انتظامات پر توجہ مرکوز ہوگی۔ افتتاحی تقریب دوحہ کے خلیفہ اسٹیڈیم میں منعقد ہورہی ہے جوکہ توجہ کا مرکز ہے ۔ خلیجی ممالک کے کشیدہ حالات بھی سکیورٹی انتظامات کے ضمن میں اہمیت کے حامل ہوچکے ہیں۔ ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کا آغاز 27 ستمبر سے قطر میں ہوگا، جس کے لئے دوحہ کا اسپیشل ڈیزائن اسٹیڈیم تیاری کے آخری مراحل میں ہے۔ جمعہ کو دوحہ میں شروع ہونے والے 10 روزہ ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کی تیاریاں تقریبا مکمل ہوگئی ہیں۔یاد ر ہے کہ یہ اسٹیڈیم 2022 کا فٹبال ورلڈ کپ میچز کی بھی میزبانی کرے گا۔قطر میں اس وقت درجہ حرارت تقریبا 40 ڈگری کے قریب ہے یہی وجہ ہے کہ ایتھلیٹکس کے زیادہ تر مقابلے شام کے وقت رکھے گئے ہیں۔