تلنگانہ کی ترقی کیلئے مختلف شعبوں میںعالمی بینک کے ساتھ شراکت داری کا اعلان
حیدرآباد، 7 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے امریکہ میں ورلڈ بینک کے صدر اجے بنگا سے ملاقات کی اور ریاست میں مختلف پراجکٹس پر تبادلہ خیال کیا۔ ورلڈ بنک نے ریاست میں کئی محاذوں اور پراجکٹس میں ریاست کے ساتھ شراکت داری سے اتفاق کیا ہے ۔ جن شعبوں میں سرمایہ کاری کی جائے گی ان میں اسکل ڈیولپمنٹ، شہری ترقی اور نیٹ زیرو کی ترقی کے علاوہ شہریوں کی صحت کی دیکھ بھال، تشخیص اور الیکٹرانک ریکارڈ سمیت دیگر شاملہیں۔ آج جاری کردہ پریس نوٹ کے مطابق چیف منسٹر ریونت ریڈی اس وقت سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے امریکہ کا دورہ کر رہے ہیں۔ ورلڈ بینک کے سربراہ اور چیف منسٹر اور ان کی ٹیم کے درمیان ایک گھنٹہ سے زیادہ طویل میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ ایک کراس فنکشنل ٹیم تشکیل دی جائے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ ہر ایک علاقے میں ایک تیز رفتار طریقہ سے پراجکٹ کو قابل عمل بنایا جائے بشمول موسی ندی کی بحالی کا منصوبہ، اسکل یونیورسٹی، حیدرآباد کے قریب مستقبل کا شہر اور سٹیزن ہیلتھ کیئر وغیرہ۔ اس دوران تلنگانہ حکومت نے ہنر مندی اور اختراعی اقدامات پر تعاون کرنے کے لیے عالمی شہرت یافتہ کارننگ انکارپوریٹڈ کے ساتھ مفاہمت کی اور ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ اس معاہدے کا مقصد کلیدی صنعتوں میں تکنیکی اختراع کو آگے بڑھانا ہے۔ان اقدامات کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ تلنگانہ کا ٹیلنٹ پول عالمی سطح پر مسابقتی رہے۔ اس دوران انجیکشن ایبل فارماسیوٹیکل کمپنی Vivint Pharma نے جینوم ویلی، حیدرآباد میں جدید ترین انجیکشن ایبلز بنانے کی سہولت قائم کرنے کے اپنے منصوبے کا اعلان کیا۔ حکومت نے کہا کہ نئی سہولت میں 1,000 لوگوں کو ملازمت دینے کی صلاحیت کے ساتھ 400 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی جائے گی جس سے شعبہ حیات کے مختلف علوم کے عالمی مرکز کے طور پر تلنگانہ کی پوزیشن مزید مستحکم ہو گی۔چیف منسٹر اے ریونت ریڈی جو ریاست میں سرمایہ کاری کیلئے صنعت کاروں کو راغب کرنے کیلئے امریکہ کے دور ہ پر ہیں ۔ انہیں گزشتہ دو تین روز سے مسلسل کامیابی حاصل ہورہی ہے اور وہ مسلسل مختلف کمپنیوں کے وفد کے ساتھ ملاقاتیں کرتے ہوئے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کیلئے نہ صرف راغب کرنے کی کوشش کررہے ہیں بلکہ وہ مختلف کمپنیوں سے توسیعی معاہدات بھی کرواچکے ہیں ۔ انہوں نے امریکی سرمایہ کاروں کو تلنگانہ کا دورہ کرنے کی دعوت دی ۔ ریونت ریڈی نے امریکن ایرلائنس کے سینئر عہدیداروں سے بھی ملاقات کریں گے ۔ بعد ازاں وہ انفارمیشن ٹکنالوجی سرویس کے عہدیداروں سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ میں سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ چیف منسٹر نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ تلنگانہ کو صنعتی شعبہ میں چین کے مقابلہ میں نمبر ون مقام پر لے جائیں گے۔ چیف منسٹر کے دورہ میں ریاستی وزراء اور دیگر شامل ہیں ۔