خلیج میں تلگو عوام کی سرگرمیوں کے فروغ کا امکان
حیدرآباد۔12اپریل(سیاست نیوز) تلگو ریاستوں سے تعلق رکھنے والوں نے مغربی دنیا میں ٹیکنالوجی میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کے بعد اب ورلڈ تلگو انفارمیشن ٹیکنالوجی کونسل نے خلیجی ممالک کا رخ کرتے ہوئے عمان کے شہزادہ السعید فراس فاتکی کو ورلڈ تلگو انفارمیشن ٹیکنالوجی کونسل کا رکن بنانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عمان میں کونسل کی سرگرمیوں اور انفارمیشن ٹکنالوجی کو فروغ دیا جاسکے۔بتایاجاتا ہے کہ مسٹر سندیپ کمار مکتھالہ صدرنشین ورلڈ تلگو انفارمیشن ٹیکنالوجی کونسل نے اپنے دورۂ عمان کے دوران شہزادہ فاتکی سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں کونسل کی سرپرستی کے لئے تیار کی گئی ٹیم میں شامل ہونے کی دعوت دی جسے شہزادہ کی جانب سے قبول کرلیا گیا جس کے نتیجہ میں اب تلگو ریاستوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو عمان میں بھی خدمات انجام دینے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں اپنی صلاحیتو ں کو دکھانے کا موقع حاصل ہوگا۔ بتایا جاتا ہے کہ تلگو ریاستوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین انفارمیشن ٹیکنالوجی کے لئے عمان میں نئے مواقع پیدا ہوںگے اور ان سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے دونوں ہی ریاستوں کے ماہرین خلیجی ممالک متحدہ عرب امارات ‘ قطر ‘ سعودی عرب کے بعد اب عمان میں بھی اپنی صلاحیتوں کو منوا سکتے ہیں۔م