اسلام آباد ۔ 21 جون (ایجنسیز) 20 جون کو ورلڈ ریفیوجی ڈے یا پناہ گزینوں کا عالمی دن منایا گیا۔ 2023 ء میں پاکستان سے غیرقانونی پناہ گزینوں کو نکالنے کے فیصلے کے بعد سے لاکھوں افغان پناہ گزینوں کی مشکلات کے بارے میں میڈیا کی رپورٹ ہر سال کی طرح اس بار بھی 20 جون کو ورلڈ ریفیوجی ڈے منایا گیا۔ اس سال اس دن کا موٹو ہے ’’ریفیوجیز کے ساتھ یکجہتی۔‘‘ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں چاردہائیوں سے لاکھوں کی تعدادمیں افغان پناہ گزین رہائش پذیرہیں لیکن دونوں ممالک کے مابین کشیدہ تعلقات کی وجہ سے اب پاکستان بغیردستاویزات کے ملک میں رہائش پذیر افغان پناہ گزینوں کو واپس بھیج رہا ہے۔ پاکستان میں رہائش پذیر 70 فیصد افغان پناہ گزین انتہائی کسمپرسی کی زندگی گذار رہے ہیں۔ اکتوبر2023 ء سے پاکستان کے غیرقانونی طور پر یہاں مقیم غیرملکیوں کو نکالنے کے فیصلے سے یہاں رہائش پذیرلاکھوں افغان پناہ گزینوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا۔ وفاق اور خیبرپختونخوا کے مابین پالیسی اختلاف کی وجہ سے خیبر پختونخوامیں افغان پناہ گزینوں کے خلاف کارروائی شروع نہ ہوسکی۔پاکستان کے دیگرشہروں سے افغان باشندوں کو گرفتارکر کے انہیں خیبرپختونخوا کے راستے سے افغانستان واپس بھیجا جارہاہے جبکہ اب غیرقانونی افغان پناہ گزینوں کے ساتھ ساتھ 30 جون کے بعد دستاویزات رکھنے والے افغانوں کوبھی ملک بدر کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔