ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کا فائنل لارڈز پر کھیلا جائے گا

   

لارڈز ۔ ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل کی تاریخ کا اعلان کردیاگیا ہے۔ آئی سی سی کے اس ٹورنامنٹ کا خطابی میچ لارڈز کے تاریخی میدان میں کھیلا جائے گا۔ ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کا فائنل 11جون سے 15 جون تک کھیلا جائے گا۔ فائنل میچ کے لیے ایک دن کو بھی محفوظ دن کے طور پر رکھا گیا ہے۔ اگر خراب موسم یا بارش کی وجہ سے کھیل روکا جاتا ہے تو میچ 16 جون تک جاری رہے گا۔ ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل کی بات کریں تو یہ مقابلہ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان متوقع ہے۔ دونوں ٹیمیں پوائنٹس ٹیبل میں اس وقت سرفہرست 2 مقامات پر ہیں۔ پوائنٹس ٹیبل پر فی الحال ٹیم انڈیا 9 میچوں میں 6 فتوحات اور 68.52 پی سی ٹی کے ساتھ پہلے مقام پر ہے۔ آسٹریلیا 12 ٹسٹ میں 8 فتوحات اور 62.50 پی سی ٹی کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ نیوزی لینڈ تیسرے اور انگلینڈ چوتھے نمبر پر ہے۔ ٹیم انڈیاکو ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ میں ابھی مزید 10 ٹسٹ میچ کھیلنے ہیں۔ انہیں بنگلہ دیش کے خلاف 2، نیوزی لینڈ کے خلاف 3 اور آسٹریلیا کے خلاف 5 ٹسٹ میچزکھیلنے ہیں۔ ان میچوں میں جیت، ہار اور ڈرا واضح طور پر پوائنٹس ٹیبل کی مساوات کو بدل سکتے ہیں۔