ورلڈ کپ ، عریاں لباس پہننے والوں کو جرمانہ اور جیل کی سزا

   


دوحہ ۔ قطر میں ہونے والے فیفا فٹبال ورلڈکپ کے دوران شائقین کو مختصر لباس پہن کر میچ دیکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق قطر میں مسلم قوانین کے تحت ورلڈ کپ کے دوران شائقین کو بھی مختصر لباس پہننے پر جرمانہ یا جیل بھیجا جاسکتا ہے۔ ورلڈکپ کے دوران فٹبال مداح اپنی ٹیموں کی حمایت کرنے کیلئے مختلف روپ اختیار کرتے ہیں جبکہ کچھ افراد مختصر لباس پہن کر میچ دیکھنے آتے ہیں تاہم قطر میں ایسے کپڑ ے سرعام پہننے پر باندی ہے۔غیر قطری خواتین سے ملک کے سخت مسلم لباس کے قواعدکی پیروی کرنے اور عبایا پہننے کی توقع نہیں کی جارہی ہے تاہم کندھوں اورگھٹنوں کو ڈھانپ کر رکھنا لازمی ہوگا۔ دوسری جانب قطر اور فیفا آرگنائزنگ کمیٹی نے ایک معاہدہ کیا ہے جس کے تحت چند سیاحتی علاقوں میں شراب نوشی کی اجازت بھی دی جائے گی۔ اسی طرح ٹورنمنٹ کے دوران بھی کوڑاکرکٹ پھینکنے پر شائقین کو جرمانہ ہوسکتا ہے۔ واضح رہے کہ قطر میں 20 نومبر کو شروع ہونے والا فیفا ورلڈکپ تاریخ کا مہنگا ترین ورلڈکپ ہوگا۔