حیدرآباد۔ 12 مئی (سیاست ڈاٹ کام) آئی پی ایل 2019ء کے اختتام پر ہندوستان کے تمام کھلاڑی ویراٹ کوہلی کی زیرقیادت جو ورلڈکپ کھیلنے کیلئے تیار ہیں، ان کیلئے کام کے دباؤ مینجمنٹ کو ترجیح دینا ضروری ہے، چونکہ ورلڈ کپ کیلئے ابھی تین ہفتے باقی ہیں۔ تھکان کا عنصر بعض کھلاڑیوں کیلئے بہت اہم ہے۔ خاص طور پر تیز ترین گیند بازوں کیلئے فٹ رہنا ضروری ہے۔ کپتان نے پہلے ہی کہہ دیا ہے کہ اگر کوئی کھلاڑی آرام لینا چاہتا ہو تو وہ فی الوقت آرام لے سکتا ہے۔ کوہلی نے کہا کہ اگر میں 10، 12، 15 گیمس کھیل سکتا ہوں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ دوسرا کھلاڑی بھی اتنا ہی کھیل سکتا ہے، کیونکہ میں اتنا ہی کھیلوں گا جتنا میرا جسم اس کی اجازت دیتا ہے۔ ورلڈ کپ سے قبل کپتان ویراٹ کوہلی، روہت شرما، کے ایل راہول، محمد سمیع، یزویندر چہل، دنیش کارتک، کیدار جادھو نے لیگ کے تمام 14 گیمس میں حصہ لیا جبکہ جئے شنکر اور بھونیشور کمار نے 15 گیمس کھیلے۔ شکھر دھون، رویندر جڈیجہ، ہاردک پانڈیا اور جسپریت بمراہ (بشمول فائنل میچ کے) 16 گیمس میں حصہ لیا ہے۔ مہیندر سنگھ دھونی بشمول فائنل میچ کے 15 گیمس میں حصہ لیا ہے۔ کلدیپ یادو واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے سب سے کم گیمس کھیلے ہیں، جنہوں نے صرف 10 گیمس کھیلے ہیں کیونکہ کے آر مینجمنٹ نے ناقص کھیل کے باعث ان کو ٹیم سے نکال دیا تھا۔