ملبورن ۔ 6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے نمبر ایک فاسٹ بولر مچل اسٹارک جنوبی افریقہ کے دورہ پر ہیں لیکن وہ میزبان ٹیم کے خلاف تیسرا ونڈے نہیں کھیلیں گے کیونکہ وہ اتوار کو خاتون زمرہ کے ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ فائنل میں ہندوستان کے خلاف اپنی اہلیہ ایلیسا ہیلی کے مظاہرے دیکھنے کیلئے وطن واپس لوٹ رہے ہیں۔ وکٹ کیپر ہیلی آسٹریلیائی ٹیم کی رکن ہے جوکہ اتوار کو ملبورن کرکٹ گراونڈ پر ہندوستانی ٹیم کا مقابلہ کرے گی۔ آئی سی سی وومنس ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں چار مرتبہ کی آسٹریلیائی ٹیم پہلی مرتبہ فائنل میں رسائی حاصل کرنے والی ہندوستانی ٹیم کا سامنا کرے گی جیسا کہ ورلڈ کپ کا افتتاحی مقابلہ ان دونوں ٹیموں کے درمیان ہی ہوا تھا جہاں ہندوستان نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹورنمنٹ کا حیران کن نتیجہ دیا تھا۔ آسٹریلیائی ٹیم کے کوچ جسٹن لانگر نے کہا کہ مچل اسٹارک آسٹریلیائی ٹیم کے اہم رکن ہے لیکن یہ ان کی زندگی میں ایک ایسا موقع ہے جب وہ ورلڈ کپ کے فائنل میں اپنے ہی ملک میں اپنی عوام کے سامنے اپنی اہلیہ کو ایکشن میں دیکھیں گے لہٰذا ہم نے ان کی رخصت کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں وطن واپس جانے کی اجازت دی ہے۔