ڈھاکہ۔11 فروری (سیاست ڈاٹ کام)آئی سی سی انڈر19 ورلڈ کپ کے فائنل میں کامیابی نے بنگلہ دیشی کپتان اکبر علی کو مغل اعظم بنادیا۔ میڈیا نے انہیں نام کی مناسبت ’’اکبراعظم‘‘ کا خطاب دیدیا۔ کامیابی سے پورے ملک میں جشن کا سماں ہے۔ فائنل کی شب ٹیم کے حمایتی شیروں کا روپ دھارے سڑکوں پر نکل آئے، وہ زبردست نعرے لگارہے تھے۔لوگوں نے ایک دوسرے کو مٹھائی کھلائی۔ وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے کہا ہے کہ ٹیم کے وطن لوٹنے پر عوامی سطح استقبالیہ دیا جائے گا اور فتح کا جشن منایا جائے گا۔ کرکٹ بورڈ کے ترجمان جلال یونس نے کہا ہے کہ عالمی چمپئن بننے کی خوشی ناقابل بیان ہے۔ بورڈ کی جانب سے کھلاڑیوں کیلئے انعامات کا اعلان بھی متوقع ہے۔ دریں اثنا ہندوستان کوشکست دیکرکے خطاب جیتنے والی بنگلہ دیش کی ٹیم کے کپتان اکبر علی نے کہا کہ یہ خواب پورے ہونے جیسا ہے۔ خطاب ہماری گزشتہ دو سال میں ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے۔ دریں اثنا ہندوستانی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان پریم گارگ نے کہا کہ یہ ہمارا دن نہیں تھا، بیٹنگ ناکام ہوئی اس کے بعد بولروں نے عمدہ کارکردگی دکھائی لیکن بنگلہ دیش ہم سے بہتر کھیلا۔ دریں اثنا آئی سی سی انڈر19 ورلڈ کپ کی فاتح بنگلہ دیشی ٹیم کے کپتان اکبرعلی ایونٹ کے دوران بڑی بہن کے انتقال کے باوجود ٹیم کے ساتھ رہے اورکھلاڑیوں کو ملک کے لیے کھیلنے کا درس دیتے رہے۔ اسکاٹ لینڈ کے خلاف آخری گروپ میچ میں اکبر علی کی بڑی بہن کا انتقال ہوا۔ اکبر علی کے افراد خاندان نے ٹیم مینجمنٹ کو انتقال کی خبر اکبر علی کو نہ بتانے کی ہدایت دی لیکن تمام خدشات کو بالائے طاق رکھ کر انسانیت کے تقاضے پورے کرتے ہوئے ٹیم مینجمنٹ نے اکبرعلی کو یہ افسوسناک خبر دی جس کے بعد وہ صدمے میں آگئے اور روپڑے۔ اس موقع پر پوری انڈر19 ٹیم اکبر علی کے ساتھ روپڑی۔ تاہم اکبر علی نے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو پرسکون رہنے اورملک کے لئے کھیلنے کی ہدایت دی اور ٹیم کو عالمی چمپئن بنایا۔
