ورلڈ کپ فتوحات کرئیر کے ناقابل فراموش لمحات:دھونی

   

Ferty9 Clinic

رانچی۔28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈ کپ کے بعد سے ہی مہندر سنگھ دھونی کرکٹ سے دور ہیں جس کے بعد کرکٹ میں ان کے مستقبل پر طرح طرح کی قیاس آرائی شروع ہوگئی ہیں۔ ان تمام قیاس آرائیوں کے درمیان دھونی نے آخر کار اپنے مستقبل پر بیان دے ہی دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقل کے متعلق جنوری تک ان سے کچھ نہیں پوچھا جائے۔ ممبئی میں ایک پروگرام کے دوران ان سے سبکدوشی کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے یہ جواب دے کر سبھی قیاس آرائیوں پر فی الحال لگام لگادی۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ 2007 میں ورلڈ ٹی 20 اور2011 میں ورلڈ کپ جیتنے والی ان کی ٹیم کا شاندار استقبال جیسے لمحات ان کے دل کے کافی قریب ہیں۔ انہوں نے سال 2007 کی جیت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ہم 2007 میں ( ٹی 20 ) ورلڈکپ کے بعد ہندوستان آئے اور ہم نے کھلی بس میں سفرکیا اورہم مرین ڈرائیو میں کھڑے رہے۔ ہر طرف ہجوم تھا اور لوگ ہمارے استقبال کیلئے اپنی کاروں میں آئے تھے ، اس لئے مجھے ہر کسی کے چہرے پرخوشی دیکھ کر اچھا لگا تھا۔ ناظرین میں کئی ایسے لوگ رہے ہوں گے جن کی فلائٹ چھوٹ گئی ہوگی ہوسکتا ہے کہ وہ کسی اہم کام کیلئے جارہے ہوں ، وہ استقبال شاندار تھا۔ اپنی دوسری خوبصورت یاد کے بارے میں انہوں نے کہا کہ 2011 میں ورلڈ کپ فائنل میچ میں جیت کیلئے 15-20 رن چاہئے تھے اور اس وقت وانکھیڑے اسٹیڈیم میں شائقین وندے ماترم گارہے تھے۔ دھونی نے کہا کہ یہ لمحہ ان کے دل کے کافی قریب ہے۔ ورلڈ کپ کے بعد سے ہی وہ ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔