لندن ۔ 13 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں ٹیموں کی تعداد کو بڑھانے پر غور کررہی ہے اور اب ایسا امکان ہیکہ 2023-31ء کے مرحلہ کے دوران ٹوئنٹی 20 ورلڈ میں ٹیموں کی تعداد 16 سے بڑھا کر 20 کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ آئی سی سی کا ماننا ہیکہ ٹوئنٹی 20 کرکٹ کا ایسا طرز ہے جس میں ٹیموں کی تعداد بڑھائی جاسکتی ہے اور اس کے ذریعہ کرکٹ کو فٹبال اور باسکٹ بال کی طرح مقبول بنانے اور اس کی شہرت میں اضافہ کرنے میں آسانی ہوگی۔ ٹیلیگراف اخبار کے بموجب مذکورہ منصوبہ انٹرنیشنل کرکٹ کیلنڈر جو کہ 2023-2031 ء کیلئے تیار ہوگا۔ اس میں ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کی ٹیموں میں اضافہ کا امکان موجود ہے جوکہ 2024ء میں تیار کیا جائے گا۔