ننگبو (چین)،10 ستمبر (پی ٹی آئی ) آئی ایس ایس ایف ورلڈ کپ (رائفل/پسٹل) میں ہندوستانی نشانے بازوں کی ناکامیاں جاری رہیں، جہاں سمرات رانا، امیت شرما اور نشانت راوت کی تین رکنی ٹیم چہارشنبہ کے روز چین کی برتری کے سامنے مردوں کے 10 میٹر ائیر پسٹل فائنل میں جگہ بنانے میں ناکام رہی۔20 سالہ سمرات رانا، جو ٹیم ایونٹ میں جونیئر ورلڈ یمپئن شپ کا گولڈ میڈلسٹ رہ چکے ہیں، ہندوستان کے بہترین کارکردگی دکھانے والے شوٹر رہے، مگر وہ بھی کوالیفکیشن میں اوسط درجے کے اسکور 582 کے ساتھ 10ویں نمبر پر ہی رک گئے۔چین کے ہو کائی نے 589 اسکور کے ساتھ پریلمنری راؤنڈ میں سبقت حاصل کی۔ انہوں نے بعد ازاں 242.3 اسکور کے ساتھ گولڈ میڈل بھی جیت لیا۔ چین کے ہی یو چانگ جئے نے 241.5 اسکور کے ساتھ سلور میڈل اپنے نام کیا۔