ورلڈ کپ میں ہندوستان کو پہلی شکست

,

   

انگلینڈ 31 رن سے کامیاب ۔ بئیرسٹو پلیر آف دی میچ
برمنگھم 30 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) محمد سمیع کے پانچ وکٹس اور روہت شرما کی سنچری کے باوجود ہندوستان کو ورلڈ کپ کے ایک میچ میں انگلینڈ کے خلاف 31 رنوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ ورلڈ کپ میں ہندوستان کی یہ پہلی شکست تھی ۔ اس میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سات وکٹس کے نقصان پر 337 رنز بنائے تھے ۔ انگلینڈ کیلئے اوپنر جانی بئیرسٹو نے شاندار سنچری اسکور کی ۔ وہ 111 رن چھ چھکوں اور دس چوکوں کی مدد سے بناکر آوٹ ہوئے تھے ۔ دوسرے اوپنر جیسن رائے نے بھی اچھی اننگز کھیلی اور 66 رن بناکر آوٹ ہوئے تھے ۔ بین اسٹوکس نے آخری لمحات میں تیز رفتار 79 رنز تین چھکوں کی مدد سے بنائے تھے ۔ جو روٹ نے 44 رن بنائے تھے ۔ کپتان مورگن آج ناکام رہے اور صرف ایک رن بناسکے جبکہ جوس بٹلہ نے 20 رن بنائے ۔ ہندوستان کی جانب سے محمد سمیع نے بہترین بولنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور انہوں نے اپنے 10 اوورس میں 69 رن دے کر پانچ وکٹس حاصل کئے ۔ بمرا اور کلدیپ یادو کو ایک ایک وکٹ ملی ۔ جواب میں ہندوستانی ٹیم 50 اوورس میں 5 وکٹس کے نقصان پر 306 رن ہی بناسکی ۔ روہت شرما نے 102 رن بنائے ۔ کے ایل راہول صفر پر آوٹ ہوئے جبکہ کپتان کوہلی نے 66 رنز بنائے ۔ ریشبھ پنت 32 اور ہاردک پانڈیا 45 رن بناکر آوٹ ہوئے ۔ دھونی 42 اور کیدار جادھو 12 رن بناکر ناٹ آوٹ رہے ۔ انگلینڈ کیلئے پلنکٹ نے تین اور ووکس نے دو وکٹس لئے ۔ بئیرسٹو کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔