ملبورن۔21 فروری (سیاست ڈاٹ کام )کلائی کی اسپنر پونم یادو نے 19 رنز دیکر 4 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم کی آئی سی سی ورلڈ کپ میں بہترین شروعات کی بنیاد رکھی جیسا کہ مہمان ٹیم نے آئی سی سی ورلڈ کپ کے افتتاحی مقابلہ میں میزبان آسٹریلیا کو 15 رنز سے شکست دیکر بہترین شروعات کی۔ بیٹنگ کیلئے مدعو کئے جانے کے بعد ہندوستانی ٹیم نے چار وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز اسکور کئے جو ایک عام اسکور تصور کیا جارہا تھا جس میں شفالی ورما نے 15 گیندوں میں 29 رنز اور دپتی شرما نے 46 گیندوں میں 49 رنز اسکور کئے لیکن مہمان کھلاڑیوں نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 19.5 اوورس میں 115 رنز پر ڈھیر کردیا۔ ہندوستان کی کامیابی میں مقابلہ کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرنے والی پونم یادو نے چار اوورس میں 19 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ آسٹریلیا نے نشانہ کا کامیاب تعاقب کرتے ہوئے اوپنر الیسا ہیلی کی نصف سنچری کی بدولت کامیابی کی امید بنا لی تھی جیسا کہ انہوں نے 35 گیندوں میں 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 51 رنز بنائے جبکہ میڈل آرڈر میں گارڈنر نے 36 گیندوں میں 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 34 رنز اسکور کئے لیکن 82/6 کے بعد اچانک آسٹریلیائی ٹیم لڑکھڑا گئی۔ گارڈنر کو دوسری سمت سے کسی بھی کھلاڑی کا بہتر تعاون نہیں ملا جس کی وجہ سے بہتر موقف میں رہنے کے باوجود دفاعی چمپئن آسٹریلیا کو افتتاحی مقابلہ میں شکست برداشت کرنی پڑی۔ شاندار بولنگ پر پونم یادو کو مقابلہ کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔