ورلڈ کپ کرکٹ میاچس پر سٹہ کے کاروبار پر چار افراد گرفتار

   

حیدرآباد ۔ 20 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : آئی سی سی کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے آغاز کے ساتھ ہی کرکٹ پر سٹہ کا کاروبار زور پکڑ چکا ہے اور سٹہ باز مارکٹ پر ایک مرتبہ سرگرم ہوگئے ہیں ۔ اسپیشل آپریشن ٹیم ایل بی نگر زون نے آن لائن کرکٹ سٹہ کے ایک ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے 4 افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 16 لاکھ 70 ہزار روپئے ضبط کرلیے ۔ ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایس او ٹی پولیس نے منصور آباد علاقہ میں ایک پلاٹ پر دھاوا کیا ۔ پولیس کے مطابق 35 سالہ ایم بھاسکر ساکن ایل بی نگر 35 سالہ گویندراجیش کمار 40 سالہ کے سرینواس ساکن میر پیٹ اور 30 سالہ کوٹیشور راؤ ساکن ایل بی نگر کو گرفتار کرلیا جب کہ ستیش راجو مفرور بتایا گیا ہے ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 6 لاکھ نقد رقم 10 لاکھ 71,318 روپئے بینک اکاونٹ کی رقم کو ضبط کرلیا اور 4 سیل فون ضبط کرلیے ۔ اس ٹولی کا اصل سرغنہ ستیش راجو بتایا گیا ہے جو بھاسکر کوسٹ کے لیے ویب لنک فراہم کرتا تھا ۔ یہ لوگ ویسٹ انڈیز اور زمباوے کے درمیان جاری ٹی 20 ورلڈ کپ سوپر 12 میاچ پر سٹہ لگا رہے تھے ۔ اور میاچ کے آغاز سے پہلی گیند سے آخری گیند تک میاچ پر سٹہ چلایا جاتا ہے ۔ میاچ کے اختتام پر ایک دوسرے کو فون کے ذریعہ اطلاع دی جاتی ہے اور بوکیز کی جانب سے تفصیلات فراہم کرنے کے بعد رقمی لین دین کی جاتی ہے ۔ اصل بکی کی جانب سے سٹہ چلانے والوں کو 3 فیصد کمیشن سب بکی کو دیا جاتا ہے ۔ ایل بی نگر اسپیشل آپریشن ٹیم نے خفیہ اطلاع کے بعد کارروائی کو انجام دیتے ہوئے اس آن لائن کرکٹ بیٹنگ ریاکٹ کا پردہ فاش کردیا ۔۔ ع