ورلڈ کپ کرکٹ :ہندوستان اور نیوزی لینڈ میں چہارشنبہ کو پہلا سیمی فائنل

   

ممبئی :آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023 کاپہلاسیمی فائنل مقابلہ میزبان ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان چہارشنبہ15نومبر کو ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔انگلینڈ کے ساتھ گروپ کے آخری میاچ میں شکست کے بعد پاکستان ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔ نیوزی لینڈ فائنل فور کیلئے کوالیفائی کرنے والی چوتھی ٹیم بن گئی اور اس کا ٹیم انڈیا سے پہلے سیمی فائنل میں مقابلہ ہوگا ۔ ہندوستانی ٹیم پہلے، جنوبی افریقہ دوسرے، آسٹریلیا تیسرے اور نیوزی لینڈ چوتھے نمبر کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔اس اعتبار سے پہلا سیمی فائنل ہندوستان اور نیوزی لینڈ جبکہ دوسرا سیمی فائنل جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان ہوگا۔دوسرا سیمی فائنل جمعرات 16 نومبر کو جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں ہوگا۔ناک اوٹ راونڈ کے یہ مقابلے دلچسپ ہونے کی توقع ہے ۔اس مرحلہ سے متعلق نہ صرف ٹیموں بلکہ شائقین پر بھی دباؤ دکھائی دے رہا ہے۔ نیوزی لینڈ کا 2019 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں بھی ہندوستان مقابلہ ہوا تھا، جہاں مانچسٹر میں بارش کی وجہ سے دو دن تک جاری رہنے والے مقابلے میں کین ولیمسن اور ان کی ٹیم نے ٹیم انڈیا کو شکست دی تھی ۔ جاریہ ورلڈ کپ ونڈے کرکٹ میں میزبان ہندوستان کا موقف بہت مستحکم ہے ۔ٹیم انڈیا نے گروپ کے اپنے تمام 9میاچس میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے ۔ کسی بھی ٹیم کے ساتھ اس کوئی جدوجہد نہیں کرنی پڑی بلکہ تمام میاچس میں اس نے بآسانی کامیابی حاصل کی ہے ۔ سری لنکا کو محض 55رنوں پر اوٹ کیا جبکہ دیگر ٹیموں کے ساتھ اس کے مقابلے آسان ہی رہے ہیں ۔